جنوری 2016 ء تک بین الاقوامی ڈونرز سے 4 ارب 28کروڑ ڈالر کی مالی معاونت وصول ہوئی، رواں مالی سال سب سے زیادہ مالی معاونت 3ارب 5کروڑ ڈالر چین سے وصول ہونے کی توقع ہے ،اقتصادی امور ڈویژن

منگل 23 فروری 2016 12:25

اسلام آباد ۔23 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 فروری۔2016ء) رواں مالی سال میں جولائی تا جنوری 2015-16 ء کے دوران مختلف بین الاقوامی ڈونرز کی جانب سے 4 ارب 28کروڑ ڈالر کی مالی معاونت وصول ہوئی ہے جو جاری مالی سال کے بجٹ میں مختص کی گئی غیر ملکی معاونت کے 46 فیصد کے مساوی ہے۔ رواں مالی سال 2015-16ء کے لئے بین الاقوامی ڈونرز کی جانب سے مالی معاونت کی مد میں تقریباً 9ارب 18 کروڑ ڈالر کی وصولی کا حجم مختص کیا تھا۔

اقتصادی امور ڈویژن کے اعداد شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 3 ارب 37 کروڑ ڈالر کی غیر ملکی مالی معاونت وصول ہوئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے دوران چین کی جانب سے سب سے زیادہ مالی معاونت وصول ہونے کی توقع ہے جو 3ارب 5کروڑ ڈالر کے قریب ہے جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جنوری تک 662.77ملین ڈالر کی معاونت وصول ہو چکی ہے اسی طرح انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے 612.95 ملین ڈالر اور برطانیہ کی طرف سے 247.44 ملین ڈالر وصول ہو چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق امریکا کی جانب سے 99.06 ملین ڈالر ، انٹرنیشنل بینک فار ای کنسٹریکشن اینڈ ڈویلپمنٹ سے 40.35ملین ڈالر اور عالمی ترقیاتی بینک سے 55.65 ملین ڈالر کی مالی معاونت وصول ہو چکی ہے ، کویت نے رواں مالی سال میں جنوری تک 37.28 ملین ڈالر ، جرمنی نے 29.45ملین ڈالر اور آئی ڈی بی نے شارٹ ٹرم کے تحت 378.46 ملین ڈالر کی معاونت فراہم کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 4ارب 28 کروڑ ڈالر کی وصول ہونے والی معاونت میں آئی ایم ایف کی جانب سے وصول ہونے والی رقوم شامل نہیں ہیں ۔