کرائسٹ چرچ پرآسٹریلیا کی گرفت مضبوط، کیویز پر شکست کے بادل منڈلانے لگے

منگل 23 فروری 2016 12:25

کرائسٹ چرچ پرآسٹریلیا کی گرفت مضبوط، کیویز پر شکست کے بادل منڈلانے ..

کرائسٹ چرچ ۔ 23 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 فروری۔2016ء) نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان جاری کرائسٹ چرچ پر کینگروز کی گرفت مضبوط ہوگئی، نیوزی لینڈ پر شکست کے بادل منڈلانے لگے، آسٹریلوی باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت کیویز ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 335 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اس نے آسٹریلیا کو میچ میں کامیابی کے لئے 201 رنز کا ہدف دیا، کین ولیمسن 97، ہینری 66، واٹلنگ 46 اور کورے اینڈرسن 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، آسٹریلیا کی طرف سے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے برڈ نے 5، پیٹنسن نے 4 اور ہازلیووڈ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں چوتھے روز میچ ختم ہونے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 70 رنز بنالئے اور آسٹریلوی ٹیم کو میچ میں کامیابی کیلئے (آج) بدھ کو آخری روز 131 رنز درکار، اسکی 9 وکٹیں ابھی باقی ہیں، کیویز کو میچ جیتنے کیلئے 9 وکٹوں کی ضرورت تھی۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کے جو برنز 27 اور عثمان خواجہ 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔ گزشتہ روز ہیگلی اوول، کرائسٹ چرچ میں ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 121 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو کین ولیمسن 45 اور کورے اینڈرسن 9 رنز پر کھیل رہے تھے۔ کورے اینڈرسن گزشتہ روز کے سکور میں محض 31 رنز کا اضافہ کرسکے اور 40 رنز بناکر جیکسن برڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔

اس کے بعد کین ولیمسن اور واٹلنگ نے اپنی ٹیم کو تھوڑا سنبھالہ دیا تاہم 97 رنز کے انفرادی سکور پر کین ولیمسن بھی اپنی ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے وہ 97 رنز بناکر جیکسن برڈ کی گیند کا نشانہ بنے۔ ٹم ساؤتھی ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو کوئی رن بنائے بغیر جیکسن برڈ کی گیند پر سمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ بی جے واٹلنگ آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 46 رنز بناکر پیٹنسن کی گیند پر برنز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

ہینری اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 66 رنز بناکر جیکسن برڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ ٹرینٹ بولٹ کیویز ٹیم کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو برڈ کی گیند پر پیٹنسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ واگنر 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ یوں نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 335 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اس نے آسٹریلیا کو میچ میں کامیابی کے لئے 201 رنز کا ہدف دیا۔

آسٹریلیا کی طرف سے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے برڈ نے 5، پیٹنسن نے 4 اور ہازلیووڈ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، 201 رنز ہدف کے جواب میں آسٹریلیا کی طرف سے اننگز کا آغاز جو برنز اور ڈیوڈ وارنر نے کیا دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 49 رنز بنے تاہم اس موقع پر ڈیوڈ وارنر 22 رنز بناکر واگنر کی گیند پر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

میچ کے چوتھے روز جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے کیویز کی طرف سے ملنے والے 201 رنز ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 70 رنز بنالئے تھے اور آسٹریلوی ٹیم کو میچ میں کامیابی کیلئے (آج) بدھ کو آخری روز 131 رنز درکار ہیں جبکہ اسکی 9 وکٹیں ابھی باقی ہیں، کیویز کو میچ جیتنے کیلئے 9 وکٹوں کی ضرورت ہے۔ آسٹریلیا کے جو برنز 27 اور عثمان خواجہ 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے واحد وکٹ نیل واگنر نے حاصل کی۔