پوری قوم اورپیپلزپارٹی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے فوج کے شاندار کردار پرقوم کو فخر ہے، قومی تاریخ کے نازک موڑ پر جنرل راحیل شریف کا ریٹائرمنٹ کا اعلان قبل از وقت ہے،ان کی جاہ و منصب سے عدم دلچسپی اور پیشہ ورانہ رویہ لائق تحسین ہے،کچھ حلقوں کی طرف سے سیاسی معاملات، احتساب یا دیگر قومی معاملات میں فوج کا ممکنہ کردار تلاش کرنا مناسب نہیں،فوج کی قربانیوں ،فتوحات کو سیاسی اختلافات اور موقع پرستی کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔سابق صدرمملکت آصف علی زرداری کا بیان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 23 فروری 2016 18:24

پوری قوم اورپیپلزپارٹی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،ملک کی سلامتی اور ..

کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23فروری۔2016ء) سابق صدرمملکت آصف علی زرداری نے فوج کی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئےکہا ہے کہ پوری قوم اورپیپلزپارٹی فوج کی عظیم جدوجہد میں دل و جان سے شریک ہے اور فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، جنرل راحیل شریف کے مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کے اعلان سے عوام کی امید مایوسی میں بدلنے اور منفی تاثر آنے کا امکان ہے۔

سابق صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ قومی تاریخ کے نازک موڑ پر جنرل راحیل شریف کا مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کا اعلان قبل از وقت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کئی سال سے مختلف مسائل سے دوچار ہے ،دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قوم متحد اور پُرامید ہے۔انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کا مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کا عندیہ بے لوث خدمت کے عزم کا اظہار ہے۔

(جاری ہے)

فوج میں قیادت کا تسلسل قومی لائحہ عمل کے مطابق دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے لازمی ہے۔قیادت کا تسلسل فوج کی پرعزم جدوجہد،پاکستان کی سلامتی اور استحکام کا ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کی جاہ و منصب سے عدم دلچسپی اور پیشہ ورانہ رویہ لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی بیرونی دشمن مل کر ملکی سلامتی اور امن وامان کو خطرات سے دوچار کر رے ہیں۔

انہوں نے اپنے قوم اور میڈیا کو قیاس آرائیوں اور افواہوں سے گریز کرنا چاہیے۔کچھ حلقوں کی طرف سے سیاسی معاملات، احتساب یا دیگر قومی معاملات میں فوج کا ممکنہ کردار تلاش کرنا مناسب نہیں۔ملک کی سلامتی اور استحکام پر فوج کیلئے شاندار کردار پرقوم کو فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابی ملی ہے۔جنرل راحیل شریف کی بے خوف اورمدبرانہ قیادت میں دہشتگردی کے خلاف جدوجہد جلد منطقی انجام تک پہنچے گی۔

ہمیں اپنے بہادر سپاہیوں اور افسران پر فخر ہے۔پاکستان کی مسلح فوج دہشتگردی کے خلاف قومی جدوجہد کا ہراول دستہ ہے ۔قوم فوج کی لازوال جدوجہد،بے مثال قربانیوں اور شجاعت کی معترف ہے۔یہ تاثر نہیں دینا چاہیے کہ قوم جانباز سپاہیوں اور بہادر افسروں کی قربانیوں کی معترف نہیں ہے۔قوم اور فوج کا مشترکہ عزم ،مصمم ارادہدہشتگردی کے خلاف کامیابی ہونا چاہیے۔

انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کیلئے دہشتگردی کی عفریت سے نجات حاصل کر لے گا۔انہوں نے کہا کہ قومی لائحہ عمل کے مطابق دہشتگردی کے خلاف جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کرنا چاہیے۔فوج کی قربانیوں ،فتوحات کو سیاسی اختلافات اور موقع پرستی کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سہولت کاروں کی سرکوبی نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے.جبکہ مسلح افواج نے ضرب عضب آپریشن میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں.