معاشی استحکام کے بعد اگلا ہدف وسیع سرمایہ کاری کا حصول ہے،خرم دستگیر

چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو برآمدی نیٹ ورک میں شامل کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو نئے برآمد کنندگان کی استعداد کا ر بڑھانے کیلئے منصوبہ شروع کرنے کی ہدایت کردی ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کی سربراہ جوانہ ریڈ سے گفتگو

منگل 23 فروری 2016 22:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر تجارت انجنئیر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی استحکام کے بعد حکومت کا اگلا معاشی ہدف ملک میں وسیع سرمایہ کاری کا حصول ہے، وزیر اعظم نواز شریف نے یکم جولائی سے ایکسپورٹرز سیلز ٹیکس زیرو ریٹنگ کا اعلان کر دیا ہے، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو برآمدی نیٹ ورک میں شامل کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کو نئے برآمد کنندگان کی استعداد کا ر بڑھانے کیلئے منصوبہ شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے، ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے پاکستان میں ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ(ڈفڈ) کی سربراہ جوانہ ریڈ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں معا شی استحکام کی بدولت تمام دنیا سے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں ، ملک میں توانائی، انفراسٹرکچر، صنعت اور مینوفیکچرنگ میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے، مقامی سرما یہ کاری میں اضافے کیلئے چھوٹے سرمایہ کاروں کیلئے متعدد ترغیباتی پیکجز کا اعلان کیا گیا ہے جس کے مثبت نتائج جلد ظاہر ہوں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں ڈفڈ کی سربراہ نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کی حمایت کرتے ہیں اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری حضرات کے کاروبار میں وسعت کیلئے تعاون کریں گے۔وفاقی وزیر نے پاکستان میں متعین ہنگری کے سفیر سے بھی ملاقات کی۔ انھوں نے کہا کہ ہنگری کے ساتھ سرمایہ کاری اورمعاشی تعاون کا فریم ورک قائم کرنے کیلئے تیار ہیں،دونوں ممالک کے تجارتی رجحانات کے تجزیے کے بعد پاکستان ہنگری کیلئے بزنس آپرٹیونٹی کانفرنس کا انعقاد کرے گا ۔

متعلقہ عنوان :