وزیر داخلہ کی ہدایت پر وفاقی پولیس نے سینیٹر کی نمبر پلیٹ لگانے والے بنک ملازم کی گاڑی قبضے میں لے لی، بنک ملازم کی جلد گرفتاری کے لئے ضروری کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، ترجمان وزارت داخلہ

بدھ 24 فروری 2016 23:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24فروری۔2016ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایت پر وفاقی پولیس نے گاڑی پر سینیٹر کی نمبر پلیٹ لگانے والے بنک ملازم کی گاڑی قبضے میں لے لی، بنک ملازم کی جلد گرفتاری کے لئے ضروری کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ، وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق ایک خاتون صحافی کی جانب سے چیئرمین سینٹ کے نام خظ لکھا گیا تھا جس میں اس بات کی نشاندہی کی گئی تھی کہ ایک شخص جو سینیٹر نہیں لیکن اس نے اپنے زیر استعمال گاڑی پر سینیٹر کی نمبر پلیٹ آویزاں کر رکھی ہے ،خاتون صحافی نے اس گاڑی کے مالک کی جانب سے ٹریفک قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور خود سمیت دیگر راہگیروں کو ہراساں کرنیکی شکایت بھی کی تھی۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے اس شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو مذکورہ گاڑی اور اس کے مالک کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا تھا ، پولیس تفتیش کی تو معلوم ہوا کہ گاڑی کا مالک کوئی سینیٹر نہیں بلکہ بینک ملازم ہے جس نے اپنے رشتہ دار سینیٹر کے حوالے سے غیر قانونی طور پر اپنی گاڑی پر سینیٹر کی پلیٹ آویزاں کر رکھی تھی،وزیرِداخلہ کے حکم پر پولیس نے گاڑی قبضے میں لے لی اور اب غیر مجاز اورغیر قانونی نمبر پلیٹ آویزاں کرنے کے الزام میں گاڑی کے مالک کے خلاف قانونی کاروائی کی جا رہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :