سیاچن خالی کیاتو پاکستان قبضہ کرلے گا،اس سے جنگی صورتحال کا خطرہ ہوسکتا ہے، بھارت

سیاچن پر اپنی پوزیشن برقرار رکھیں گے،دنیا کے بلند ترین محاذ کو خالی کرنے کی صورت میں مزید جانیں جا سکتی ہیں،بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکرکا لوک سبھامیں خطاب

جمعہ 26 فروری 2016 18:30

سیاچن خالی کیاتو پاکستان قبضہ کرلے گا،اس سے جنگی صورتحال کا خطرہ ہوسکتا ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 فروری۔2016ء) بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا ہے کہ بھارت سیاچن کو خالی نہیں کرے گا ،ایسی صورت میں پاکستان یہاں قبضہ کرلے گا اورمزید جانیں جائیں گی،ہم 1984کے (سیاچن تنازعہ )تجربے سے واقف ہیں، مسلح افواج کے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں سیاچن پراپنی پوزیشن برقرار رکھیں گے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو بھارتی میڈیا کے مطابق لوک سبھامیں وقفہ سوالات کے دوران وزیر دفاع منوہر پریکر کا کہنا تھاکہ اگر ہم نے سیاچن کا مقام چھوڑا تو دشمن اس پر قبضہ کر لے گا اور جنگی نقطہ نظر سے اس اہم محاذ کو خالی کرنے کی صورت میں مزید جانیں جا سکتی ہیں۔

انھوں نے کہاکہ ہم 1984کے (سیاچن تنازعہ )تجربے سے واقف ہیں۔ ہمیں معلوم ہے کہ ہمیں اسکی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے میں مسلح افواج کے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں لیکن ہم اپنی یہ پوزیشن برقرار رکھیں گے ۔یہ پوزیشن اسٹریٹجک نقطہ نظر سے بہت اہم ہے ۔ منوہر پاریکر کا کہنا تھا کہ سیاچن میں 32 سال کے دوران915افراد ہلاک ہوئے۔ 3 فروری کو سیاچن میں برفانی تودہ گرنے سے10 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔