ڈپٹی کمشنر غربی نے رہائشی علاقوں میں کچراٹھکانے لگانے کا نوٹس لے لیا

کچراگاڑیوں کو لینڈفل سائیڈپر ڈمپ کیا جائے ورنہ سخت کارروائی کریں گے، محمد آصف جمیل

جمعہ 26 فروری 2016 22:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 فروری۔2016ء) ڈپٹی کمشنر ضلع غربی محمد آصف جمیل نے کچرے کو لینڈ فل سائٹ کے بجائے رہائشی علاقوں میں ٹھکانے لگانے کا سخت نوٹس لیا ہے اورضلعی ایڈ منسٹریٹر سے کہا ہے کہ وہ کچرے کی گاڑیاں ہر صورت لینڈ فل سائیڈپر ہی ڈمپ کروائیں اور ایک ماہ کے اندر گلیوں سے مصنوعی کچرا کنڈی کا خاتمہ کیا جائے بصورت دیگر خالی پلاٹ یا رہائشی علاقوں سے متصل حصے میں کچرا ٹھکانے لگانے اور گلی محلوں میں کچرا جمع ہونے پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز اورنگی ٹاؤن اور مومن آباد میں صفائی ستھرائی کے کاموں کا جائزہ لینے کے موقع پر بلدیاتی عملے و افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو واجد شیخ، اسسٹنٹ کمشنر مومن آباد عارف کلہوڑ ،مختیار کار مومن آباد جہانگیر شاہ ،ڈائریکٹر ہیلتھ ضلع غربی زاہد خان ،ایکس سی این آصف بیگ ،وہیکل انچارج عاصم بٹ بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر ضلع غربی کے میڈیا کو آرڈینٹر سید مظہر امام کے مطابق محمد آصف جمیل نے اس موقع پر جمع ہونیوالے عوام سے کہا کہ وہ کچرے کو جلانے سے گریز کریں کیونکہ کچرا جلنے سے اٹھنے والے دھویں سے آلودگی بڑھ جاتی ہے اس سے انسانی صحت اور قدرتی ماحول بہت بری طرح متاثر ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے پھیپڑوں اور جلد کے سرطان کے علاوہ ہیپا ٹائیٹس جیسی خطرناک بیماریاں ہوسکتی ہیں ۔ڈپٹی کمشنر آصف جمیل نے کہا کہ ضلع غربی میں صفائی ستھرائی اور سر سبز ماحول کو یقینی بناکر عوام کوبنیادی سہولیات فراہم کی جائیں،انہوں نے گرین بیلٹ کی فوری صفائی اس پر قائم تجاوزات کا فوری خاتمہ کرنے اورنالوں کی صفائی کی بھی ہدایت جار ی کیں۔

متعلقہ عنوان :