میٹرو ٹرین پر سوالات وہ اٹھا رہے ہیں جن کے پاس 2,2 کروڑ کی گاڑیاں ہیں ، منصوبے پر کسی کو اعتراض ہے تو وہ کورٹ جا سکتا ہے ، میٹرو ٹرین کے لئے پیسے قرضے سے لیے گئے ہیں اور آسان شرائط پر ہیں ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کی نجی ٹی وی سے گفتگو، اورنج لائن دنیا کا مہنگا ترین منصوبہ ہے، حکومت عدالتوں کے حکم پر عمل نہیں کر رہی تو ہماری کیا سنے گی،شفقت محمود

اتوار 28 فروری 2016 23:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28فروری۔2016ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ میٹرو ٹرین پر سوالات وہ اٹھا رہے ہیں جن کے پاس 2,2 کروڑ کی گاڑیاں ہیں ، اس منصوبے پر کسی کو اعتراض ہے تو وہ کورٹ جا سکتا ہے ، میٹرو ٹرین کے لئے پیسے قرضے سے لیے گئے ہیں اور آسان شرائط پر ہیں جبکہ تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود کا کہنا ہے کہ اورنج لائن دنیا کا مہنگا ترین منصوبہ ہے ، اتنے مہنگے پراجیکٹ پر ہمیں کہا جا رہا ہے کہ اعتراض ہے تو کورٹ میں جاؤ اتوار کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ اورنج ٹرین منصوبے کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے پاس 2,2 کروڑ کی گاڑیاں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اورنج لائن منصوبے پر کسی کو اعترا ض ہے تو وہ عدالت میں جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے میٹرو ٹرین کے پیسے قرضے سے لیے ہیں اور آسان شرائط پر ہیں ۔ ہمیں پوری امید ہے کہ جب میٹرو ٹرین مکمل ہو جائے گی تو اس کے ناقدین بھی اس کی تعریفیں کریں گے اور اس پر سفر کرکے فخر محسوس کرینگے ۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ اورنج لائن دنیا کا مہنگا ترین منصوبہ ہے جو لاہور میں بنایا جا رہا ہے ۔

عوام کے پاس پینے کا صاف پانی نہیں ہے اور حکمران اربوں روپے میٹرو جیسے منصوبوں میں لگا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اعتراض کریں تو ہمیں کہتے ہیں عدالت جاؤ ۔ اب جمہوری حکومت ہے مگر ان کا رویہ ڈکیٹیروں جیسا ہی ہے ۔ شفقت محمود نے کہا کہ حکومت عدالتوں کے کسی احکام پر عمل نہیں کر رہی تو یہ ہماری کیا سنے گی