Live Updates

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی انجینئر داور خان نے اپنی ہی پارٹی کیخلاف علم بغاوت بلندکردیا

پیر 29 فروری 2016 23:15

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی انجینئر داور خان نے اپنی ہی پارٹی کیخلاف ..

ٹانک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29فروری۔2016ء) حلقہ این اے 25 ڈیرہ کم ٹانک سے تحریک انصاف کے منتخب رکن قومی اسمبلی انجینئر داور خان کنڈی نے پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا حکومت کی مبینہ ناانصافیوں اور زیادتیوں کیخلاف تحریک چلانے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرہمارے جائزمطالبات تسلیم نہ ہوئے تودھرنے دینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنی رہائشگاہ پر پارٹی کارکنوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سمیت چند صوبائی وزراء جمعیت علماء اسلام کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، ستم ظریفی یہ ہے کہ اپوزیشن لیڈرخیبرپختونخوا اسمبلی مولانا لطف الرحمن کی سفارش پر ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے ایک امیدوارکوپارٹی ٹکٹ دیاگیا حلقہ کے عوام سے غداری نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

آج بھی کمیشن مافیا سرگرم ہے۔سی اینڈ ڈبلیو اور محکمہ پبلک ہیلتھ میں من مانیاں ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے میرٹ کی پالیسی اپنانے‘تبدیلی لانے‘کرپشن کے خاتمے اور ورکرز کے حقوق کی بالادستی کے علاوہ بلدیاتی نظام کی مضبوطی کی بات کی لیکن صوبائی وزیراعلیٰ اور دو تین صوبائی وزراء پی ٹی آئی کی پالیسیوں کے مخالف چل رہے ہیں۔ درابن‘ کلاچی اور ٹانک میں پینے کے پانی کی کمی ہے اورذرائع آمدورفت کیلئے سڑکیں تک نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرہمارے حقوق ہمیں نہیں ملے توچھین کر دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ میں سونامی بلین ٹری پراجیکٹ کیخلاف سازشیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان زیادتیوں کیخلاف عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نئے بلدیاتی نظام میں اختیارات ناظمین کودےئے جائیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات