ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے سٹاپ ٹو سٹاپ کرایہ 11روپے مقرر کر دیا

زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ،اویس منظور تارڑ

بدھ 2 مارچ 2016 22:37

راولپنڈی۔02مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 مارچ۔2016ء) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی نے جڑواں شہروں میں سٹاپ ٹو سٹاپ کرایہ 11روپے کر کے نیا کرایہ نامہ جاری کر دیا ۔سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی اویس منظور تارڑ نے ”اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔

02 مارچ۔2016ء“ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر پنجاب حکومت نے کرایوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی نے بھی اربن ٹرانسپورٹ اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کر دی ہے ۔نئے کرائے نامے کے تحت کم از کم کرایہ (ایک کلومیٹر سے 04کلومیٹر تک )11روپے ،04سے 08کلومیٹر تک 12روپے ، 08کلومیٹر سے 14کلومیٹر تک 15روپے ،14کلومیٹر سے 22کلومیٹر تک 18روپے ،22کلومیٹر سے 30کلومیٹر تک 21روپے جبکہ 30کلومیٹر سے زائد فاصلے کا کرایہ 26روپے مقرر کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اویس منظور تارڑ نے کہا کہ کرایوں میں کمی کا فیصلہ وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 08روپے سے زائد کی کمی کے بعد کیا گیا ہے تاکہ عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ پہنچایا جاسکے ۔سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی اویس منظور تارڑ نے کہا کہ نئے کرائے نامے پر عمل در آمد یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئے کرائے نامے کے مطابق کرایہ ادا کریں اور زائد کرایوں کی وصولی کی شکایت درج کروائیں ۔

انہوں نے بتایا کہ نئے کرایوں پر عمل درآمد کے لیے تشکیل دی گئیں خصوصی ٹیمیں مختلف اڈوں کا بھی دورہ کریں گی ۔انہوں نے کہا کہ زائد کرائے کی وصولی پر گاڑی کا نمبر نوٹ کر کے آر ٹی اے کے کمپلینٹ نمبر 051-9270011پر اپنی شکایت کا اندراج کرائیں ۔اویس منظور تارڑ نے کہا کہ زائد کرائے وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔اویس منظور تارڑ نے کہا کہ نئے کرائے نامے کا تعین ٹرانسپورٹروں کی مشاور ت اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے کیا گیا ہے اور نئے کرائے نامے پر سختی سے عمل در آمد کروایاجائے گا ۔

متعلقہ عنوان :