ماضی کے مقابلے میں صوبہ بھرمیں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے،وزیرداخلہ سندھ

سندھ پولیس نے دہشت گردوں کے ارادوں کو خاک میں ملا دیا ، پولیس کے حوصلے بلند ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا، سہیل انور سیال کا خطاب

بدھ 9 مارچ 2016 22:42

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری ، فریال تالپور اور وزیر اعلیٰ سندھ کی کوششوں اور تعاون سے ماضی کے مقابلے میں اس وقت صوبہ میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے اور سندھ پولیس نے دہشت گردوں کے ارادوں کو خاک میں ملا دیا ہے یہ بات انہوں نے آج شام پولیس گراؤنڈ حیدرآباد میں پولیس کی جانب سے سندھ فیسٹیول 2016 کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرنے کے بعد میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں جاری آپریشن ضرب عضب میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا جو اپنی جانوں کی قربانی دے کر دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے لڑ رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں یقین سے کہتا ہوں کہ پولیس کے حوصلے بلند ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن میں پولیس کے ساتھ رینجرز و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھرپور تعاون حاصل ہے ۔ اس موقع پر صحافیوں کی جانب سے کئے گئے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ مصطفی کمال کے لگائے گئے الزامات کا معاملہ وفاقی حکومت کا ہے اور وہ ہی اس کا جواب دے سکتی ہے ، سانحہ بلدیہ کا معاملہ زیر تفتیش ہے اور جو بھی تفتیش ہو گی وہ قانون کے مطابق ہو گی ۔

پریس کلب حیدرآباد پر حملے کی تفتیش میں پولیس کی جانب سے دہشت گردی کا ایکٹ خارج کرنے پر انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں پولیس سے معلومات حاصل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال ملک کے دیگر تینوں صوبوں سے بہتر ہے حکومت سندھ تمام فیصلے آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کر رہی ہے ۔ انہوں نے سندھ پولیس بالخصوص ڈی آئی جی حیدرآباد خادم حسین رند کی کاوشوں سے منعقدہ سندھ فیسٹیول کی تعریف کی ۔

جس میں مختلف اضلاع کی 16 ٹیموں نے حصہ لیا جس میں 447 کھلاڑیوں نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ اس موقع پر ڈی آئی جی حیدرآباد خادم حسین رند نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیسٹیول گذشتہ 5 ماہ سے جاری تھا جو کہ پولیس کی حوصلہ افزائی اور دہشت گردی کے خلاف جاری آرپریشن میں بہترین کارکردگی کے اعتراف میں منعقد کیاگیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر سہیل انور سیال نے جیتے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے ۔ تقریب میں کمشنر حیدرآباد ڈویژن قاضی شاہد پرویز ، ڈی آئی جی پولیس میرپور خاص جاوید عالم اوڈھو ، مختلف اضلاع کے ایس ایس پیز اور آنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں، پولیس افسران کے علاوہ ایوان صنعت و تجارت کے نمایندوں اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔