اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان میں بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کا سبب بنے گا،غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کو تیار ہیں ، آئندہ دوسالوں میں توانائی بحران ختم ہو جائے گا

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا بحریہ یونیورسٹی میں نوجوانوں کی تقریب سے خطاب

جمعہ 11 مارچ 2016 22:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی اور اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ملکی معیشت اور صنعتی ترقی میں مثبت کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان میں بھاری غیر ملکی سرمایہ کاری کا سبب بنے گا ، پاکستان کی معیشت تیزی سے فروغ پا رہی ہے اور اب غیر ملکی سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری کرنے کو تیار ہیں ۔

وفاقی وزیر نے جمعہ کو بحریہ یونیورسٹی میں نوجوانوں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان میں بھاری غیر ملکی سرمایہ کاری کا سبب بنے گی جس سے ملکی معیشت اور صنعتی ترقی کو فروغ ملے گا۔ حکومت نے قوم کو نئی امید دی ہے اور عالمی معاشی تجزیہ کار پاکستان کو دنیا کی ایک نئی ابھرتی ہوئی معیشت کے طور پر دیکھ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان نے دہشت گردی کے خطرے پر قابوپاتے ہوئے توانائی کے بحران کو کم کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے اور آئندہ دو سالوں میں ملک بھر سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو جائے گا ۔ غیر ملکی سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کے فروغ کے لئے عالمی سطح پر ملک کی مثبت تصویر پیش کرنے کی ضرورت ہے ۔ پاکستان نے دنیا کی دس بڑی معیشتوں میں جگہ بنانے کی مکمل صلاحیت ہے جس کے لئے ہمیں جدید ٹیکنالوجی پر تحقیق کرنے کی ضرورت ہے ۔

2025کے اختتام تک دنیا کی 20بڑی معیشتوں کا حصہ بننے اور اقتصادی فروغٖ کے لئے ہم سب کو اتحاد، تسلسل اور استحکام کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں بڑے تحفظات اب ختم ہو تے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ علم پر مبنی معیشت کے دور میں تخلیق اور جدت ترقی و خوشحالی کی بنیادی ضروریات ہیں اور کوئی بھی ملک جدت کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔

ہم ایک مسابقتی دنیا میں رہ رہے ہیں جہاں ہمیں جدت کے حوالے سیاچھی پوزیشن حاصل نہیں ہے جو کہ ایک بڑا چیلنج ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے غیر معمولی کاوشوں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارے لئے متاثر کن قوت تصور کئے جاتے ہیں جو کہ مستقبل میں ملک کی تعمیر وترقی کے لئے مثبت پیغام دیتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید دنیا کا سامنا کرنے کے لئے علم اور جدید علوم ہی صرف نوجوانوں کے لئے آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے ۔