بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں طوفانی بارش سے کئی گھر تباہ ، خواتین سمیت تیرہ افراد جاں بحق ،لاہور میں وقفے وقفے سے بارش ، ملتان ، فیصل آباد اور لاڑکانہ میں بھی رم جھم ، کراچی میں بھی بادل برسنے کی پیش گوئی

ہفتہ 12 مارچ 2016 12:22

بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں طوفانی بارش سے کئی گھر تباہ ، خواتین ..

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 مارچ۔2016ء) طوفانی بارشوں نے بلوچستان میں تباہی مچا دی ، پشین اور شیرانی میں چھتیں گرنے سے بچوں اور خواتین سمیت تیرہ افراد جاں بحق ہو گئے ، نوشکی میں سیلابی ریلا آٹھ گھر بہا کر لے گیا ، ٹانک میں چھت گرنے سے بچہ اور کروڑ لعل عیسن میں دو خواتین دم توڑ گئیں۔آسمان سے برستا پانی قہر بن گیا ، مسلسل طوفانی بارش نے بلوچستان میں زندگی مفلوج کر دی ، شیرانی کے علاقے شنا پونگا میں مکان کی چھت گرنے سے ماں تین بیٹیوں اور بیٹے سمیت جاں بحق ہو گئی ، لورالائی میں پرائمری اسکول کی چھت گرنے سے چار بچیاں زخمی ہو گئیں۔

نوشکی کے علاقے سید پالیزئی میں ریلا آٹھ گھروں کو بہا لے گیا ، پنچپائی میں دس فٹ سے زیادہ ریلوے ٹریک بھی پانی میں بہہ گیا ، کوئٹہ ، چمن ، ڑوب ، پشین کے علاقے کلی عاجیزئی سیداں میں بھی مکان کی چھت گر گئی ، ملبے تلے دب کر پانچ افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

سبی ، نصیر آباد ، قلعہ عبداللہ ، خضدار ، جھل مگسی اور دیگر علاقے بھی شدید بارش کی لپیٹ میں ہیں ، سڑکیں بند ہونے سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہے ، لوگ بھی گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

ادھر خیبر پختونخوا میں بھی بادل وقفے وقفے سے برس رہے ہیں ، ٹانک کے گاوٴں ورو میں مکان گرنے سے بچہ جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہو گئے۔پنجاب میں لیہ کی تحصیل کروڑ لعل عیسن میں بھی مکان کی چھت گرنے سے دو خواتین دم توڑ گئیں۔راولپنڈی ، اسلام آباد ، لاہور ، گوجرانوالہ ، فیصل آباد، ملتان اور دیگر علاقوں میں بھی برستے بادلوں نیجل تھل ایک کر دیا ، لاہور میں ڑالہ باری بھی ہوئی ، اندرون سندھ سکھر اور لاڑکانہ سمیت کئی علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی بھی رم جھم کی پیش گوئی کی ہے