خواتین کو بے وفا کہنے پر فیس بک صارف کو3 برس قید کی سزا

اتوار 13 مارچ 2016 11:35

خواتین کو بے وفا کہنے پر فیس بک صارف کو3 برس قید کی سزا

مصر کی ایک عدالت نے ایک مشہور فیس بک صارف کو ۳ برس قید کی سزا سنا دی ہے۔ اس شخص نے کہا تھا کہ مصری خواتین اپنے خاوندوں کو دھوکا دیتے ہوئے ان سے بے وفائی کرتی ہیں۔جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق مصر کے مشہور فیس بک صارف تیمور السبکی کو گزشتہ ماہ گرفتار کیا گیا تھا۔ پراسیکیوٹرز کے جانب سے ان پر مصری خواتین کی عزت کو نقصان پہنچانے اور بہتان باندھنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

تیمور السبکی نے گزشتہ برس دسمبر میں ملک کے ایک مشہور ٹاک شو میں شرکت کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا تھا، جس کے بعد مصر بھر میں ہل چل مچ گئی تھی۔ تیمور السبکی کے فیس بک پر ایک ملین سے زائد فالورز ہیں اور وہ ”مظلوم شوہروں کی ڈائریاں“ نامی ایک پیج چلاتے ہیں۔اس ٹاک شو میں تبصرہ کرتے ہوئے تیمور کا کہنا تھا کہ مصر کی30 فیصد خواتین ’غیر اخلاقی تعلق‘ قائم کرنے پر تیار ہوتی ہیں لیکن انہیں کوئی حوصلہ افزائی کرنے والا نہیں ملتا۔

(جاری ہے)

تمیور کا مصری خواتین سے متعلق مزید تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا آج کل اپنے خاوندوں کو دھوکا دینا خواتین کے لیے عام سی بات ہو گئی ہے اور وہ اپنے معاملات کو چھپانے کی بھی ماہر ہیں۔تیمور السبکی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مصر کی بہت ساری ایسی خواتین کسی دوسری جگہ جنسی روابط قائم رکھے ہوئے ہیں جن کے شوہر بیرون ملک کام کرتے ہیں۔تیمور السبکی کا کہنا تھا کہ خواتین کی طرف سے اس بے وفائی کی ایک وجہ ملک کے جنوب میں ہونے والی وہ روایتی شادیاں بھی ہیں، جو والدین کی مرضی سے طے پاتی ہیں۔تیمور السبکی کے ان تبصروں کے بعد اس جنوب کے ایک نقاب پوش اور مسلح شخص نے یوٹیوب پر ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں اس کو قتل کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :