پاکستان کی درخواست پر اقتصادی راہدری منصوبے کی حفاظت کیلئے چینی فوجتعینات کی جائے گی ، بھارتی میڈیا

اتوار 13 مارچ 2016 14:11

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 مارچ۔2016ء ) بھارتی ٹی وی نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان نے اقتصادی راہدری منصوبے کی حفاظت کیلئے چینی فوج کی خدمات حاصل کرلی ہیں،اس سلسلے میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی کو تعینات کیا جائے گا۔ بھارتی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے اقتصادی راہدری منصوبے کی حفاظت کیلئے چینی فوج کی خدمات حاصل کرلی ہیں،چین کی پیپلز لبریشن آرمی کوراہداری منصوبے کی حفاظت پر تعینات کیا جائے گا۔

چینی افواج کی پاکستان میں موجودگی بھارت کیلئے باعث تشویش ہے ۔نئی دہلی نے اس سے پہلے بھی گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں چینی افواج کی موجودگی پر اعتراض اٹھایا تھا۔رپورٹ کے مطابق سیکورٹی اداروں نے نئی دہلی کو بتایا کہ پاکستان نے اقتصادی راہداری منصوبے کی حفاظت کیلئے تین آزاد انفینٹری بریگیڈ اور دو اضافی آرٹلری رجمنٹوں کو تعینات کیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک اعلی بھارتی حکومتی عہدیدار نے بتایا کہ ہم اس پیش رفت کو بہت قریب سے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ممکنہ طور پر پاکستان میں تعینات ہونے والے چینی فوجیوں کی تعداد کے بارے میں ٹھیک سے اندازہ نہیں ہے۔پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ بلوچستان سے شروع ہو کر مکران کوسٹ کے ساتھ چلتا ہوا شمالی علاقے کو لاہور اور اسلام آباد سے ملاتا ہوا گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے گزرتا ہے اور پھر قراقرم ہائی وے سے ہوتا ہوا چین کے سنکیانگ صوبے میں کاشغر میں جاکر ختم ہوتا ہے۔پاک چین اقتصادی راہداری کا پہلا مرحلہ دسمبر 2016 تک فعال ہونے کا امکا ن ہے ا ور یہ مکمل طور پر تین سالوں میں تیار ہونے کی امید ہے۔

متعلقہ عنوان :