نجاب حکومت زرعی اجناس کو موسمی وماحولیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے بچانے کی موثر پیش بندی کر رہی ہے ،فرخ جاوید

کاشتکار سست تیلے کے تدارک کے لیے فصل پرصاف اور ٹھنڈے پانی کا سپرے کریں صوبائی وزیر

اتوار 13 مارچ 2016 15:04

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 مارچ۔2016ء)صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت زرعی اجناس کو موسمی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے موثر پیش بندی اور سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے زرعی سائنسدانوں کی سفارشات کے پیش نظر گندم کی بوائی کے موقع پر صوبہ کے 23 ہزار 8 سو 90 دیہات کے منتخب کاشتکاروں کو گندم کی زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل منظور شدہ اقسام کا کنگی کی بیماری سے محفوظ بیج مفت فراہم کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پنجاب حکومت کے اس بروقت اقدام سے اگلے سال تمام کاشتکاروں کو گندم کی ترقی دادہ اقسام کا کنگی سے محفوظ بیج دستیاب ہوگا۔ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ کاشتکار گندم کی فی ایکڑ زیادہ اور اعلیٰ کوالٹی کی حامل پیداوار کے حصول کے لیے محکمہ زراعت کے افسران و فیلڈعملہ سے قریبی رابطہ رکھیں اور انکی سفارشات پر بروقت عمل کریں اور کاشتکار سست تیلے کے تدارک کے لیے فصل پرصاف اور ٹھنڈے پانی کا سپرے کریں اور زرعی ادویات کی باقیات سے پاک سپرے مشین کا استعمال کریں۔