ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ،سپر 10 راؤنڈ کے شیڈول کا اعلان ہوتے ہی جواری اور سٹے باز حرکت میں آ گئے،پاک بھارت میچ میں اربوں روپے سٹے کا امکان ہے

آئی سی سی نے کھلاڑیوں سمیت پورے سکواڈ کی مانیٹرنگ شروع کر دی

اتوار 13 مارچ 2016 15:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 مارچ۔2016ء) بھارت میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 10 راؤنڈ کے شیڈول کا اعلان ہوتے ہی جواری اور سٹے باز حرکت میں آ گئے‘ آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے کھلاڑیوں سمیت پورے سکواڈ کی مانیٹرنگ شروع کر دی‘ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ میں اربوں روپے سٹے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 10 راؤنڈ کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کے بعد دنیا بھر کے جواری اور سٹے باز حرکت میں آ گئے ہیں۔

دنیا بھر کے جواریوں اور سٹے بازوں نے بھارت کے مختلف شہروں میں ڈیرے ڈال لئے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 10 راؤنڈ میں اربوں روپے کا جوا اور میچ فکسنگ ہونے کا امکان ہے۔ جواریوں اور سٹے بازوں نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شامل ٹاپ تیموں جن میں خاص طور پر بھارت‘ پاکستان‘ نیوزی لینڈ‘ انگلینڈ‘ آسٹریلیا اور سری لنکا جیسی ٹیموں کے ساتھ رابطے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹیموں میں شامل مشکوک کھلاڑیوں اور آفیشل پر نظر رکھنے کے لئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے انٹی کرپشن یونٹ متحرک میں آ گئے ہیں۔ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ رونی فنکسن کا کہنا ہے کہ بھارت میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں مشکوک کھلاڑیوں سمیت پورے اسکواڈ پر ہم نے نظر رکھی ہوئی ہے اگر کوئی بھی میچ فکسنگ میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا اور کسی کو بھی کھیل کے حوالے سے ناپاک عزائم روا رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یاد رہے 2007ء میں بھارت میں ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فکسنگ کی زد میں آ گیا تھا جس میں اربوں روپے کا جوا کھیلا گیا تھا۔ اور آئی سی سی انٹی کرپشن یونٹ نے اس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کچھ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ملوث ہونے کا انکشاف بھی کیا تھا مگر اس کی تفصیلات ابھی تک سامنے نہ آ سکیں۔

متعلقہ عنوان :