ترشاوہ باغات کی کامیابی کا انحصارصحیح النسل پودوں پر ہوتا ہے،ماہرین

اتوار 13 مارچ 2016 16:48

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 مارچ۔2016ء)زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ ترشاوہ پودوں کی پیوند کاری نہایت ہی اہم اور ابتدائی عمل ہے۔ اگر پیوندکاری کا عمل درست طریقہ سے نہ کیا جائے تو پودوں کی پیداواری صلاحیت اور پھل کی خاصیت پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ترجمان کے مطابق ترشاوہ پودوں کی پیوندی کاری کا بہترین وقت مارچ، اپریل ہے۔

ترشاوہ پھلوں کے باغات کی کامیابی کا انحصار صحتمند اور صحیح النسل پودوں پر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

پیوندکاری کا طریقہ اور پیوندی لکڑی کا انتخاب پودوں کی بڑھوتری پر گہرا اثر چھوڑتے ہے۔ پیوندکاری کا ایک یہ بھی اضافی فائدہ ہے کہ جن پھلوں میں بیج نہیں ہوتے مثلاً مالٹا، گریپ فروٹ یا سیڈ لیس کنو وغیرہ کی تیزی سے افزائش نسل بذریعہ پیوندکاری ممکن ہے۔ ترشاوہ پھلوں کی نباتاتی افزائش نسل کو بروئے کار لاتے ہوئے نئے روٹ سٹاکس جو پودے کی پیداواری صلاحیت پر اثر انداز ہونے کے علاوہ بیماریوں اور کیڑوں کے خلاف قوت مدافعت بھی رکھتے ہوں ان پر ترشاوہ پھلوں کی اقسام کو پیوند کر کے نہایت اچھے نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔