شاہد آفریدی بھارتیوں کا رویہ بھول کر ان کی تعریفوں میں مصروف

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 13 مارچ 2016 16:54

شاہد آفریدی بھارتیوں کا رویہ بھول کر ان کی تعریفوں میں مصروف

کولکتہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔13مارچ2016ء ) سابق بھارتی اوپنر وریندر سہواگ کی جانب سے پاکستان کے سابق کرکٹر ز پر پیسوں کے لیے بھارت جاکر وہاں کے کھلاڑیوں کی تعریفوں کے پل باندھنے کے الزامات کی گرد ابھی بیٹھی نہیں تھی اور اب قومی ٹی ٹونٹی کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے سامنے آنے والے ایک بیان نے شائقین کرکٹ حیرت میں ڈال دیا ہے ۔کولکتہ کے تاج بنگال ہوٹل میں پریس کانفرنس کے دوران شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں سیریز کھیلنے یا کھیلنے کا فیصلہ کھلاڑی نہیں بلکہ سیاست دان کرتے ہیں ،ہم بھارت میں ہمیشہ کرکٹ سے لطف اندوز ہوئے ہیں اور یہاں کے لوگوں کی جانب سے ہمیں اتنا پیار ملا ہے جتنا پاکستان میں بھی نہیں ملا ۔

آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے 20سالہ کرکٹ کیریئر میں کرکٹ کو لوگوں کو قریب لاتے دیکھا ہے ،کرکٹ اور سیاست دونوں ملکوں میں عوام کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں اس لیے وہ سمجھتے ہیں کہ کرکٹ اور سیاست کو علیحدہ علیحدہ رکھنا چاہیئے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ شاہد آفریدی اس سے قبل بھی ایسے بیانات دے چکے ہیں اور بھارت میں مسلم مخالف جذبات کے باوجود ٹی ٹونٹی کپتان کی جانب سے سامنے آنے والے اس بیان کے بعد ملکی شائقین کرکٹ یہ سوال پوچھ رہے ہیں کہ کیا ”لالہ “ بھی توریٹائرمنٹ کے بعد بھارت میں کمنٹری کرنے کے لیے ”زمین “ تو ہموار نہیں کررہے کیوں کہ وہ کرکٹ چھوڑنے کے بعد کمنٹری بکس میں انٹری دینے کا عندیہ دے چکے ہیں ۔

یہاں یہ بات بتانا بھی ضروری ہے کہ آج سے 5سال قبل بھارت کیخلاف 2011ء ورلڈ کپ کا سیمی فائنل ہارنے کے بعد اس وقت کے کپتان شاہد آفریدی نے وطن واپسی پر کہا تھا کہ بھارتیوں کے دل بہت چھوٹے ہیں، انہیں پاکستانی عوام سے کچھ سیکھنا چاہیئے ۔