بھر پور قوت مدافعت کی حامل سبزیاں کاشت کر کے بہتر پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے، ترجمان محکمہ زراعت

اتوار 13 مارچ 2016 16:56

فیصل آباد۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 مارچ۔2016ء) محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کہا ہے کہ موسم گرما کی آمد کے باعث ماہ مارچ میں کاشت کی جانے والی موسم گرما کی سبزیوں سے بہتر فصل اور اچھے نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں لہذا کاشتکاروں اور کسانوں کو چاہیے کہ وہ روا ں ماہ مارچ کے دوران کریلا، گھیا کدو، چین کدو، کالی توری، بھنڈی، توری، بینگن ، ٹماٹر ، سبز مرچ، شملہ مرچ، تر، کھیرا وغیرہ کی کاشت مکمل کر لیں کیونکہ مذکورہ سبزیاں موسم گرما کے دوران 20سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت پر بہترین نشو ونما پاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر مارچ سے قبل یا مارچ کے بعد ان سبزیوں کو کاشت کیا جائے تو درجہ حرارت کی کمی بیشی پیداوار کو متاثر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ موسم گرما کی سبزیوں کی کاشت کیلئے اچھے نکاس اور نامیاتی درجے والی زرخیزمیرازمین کا ہونا ضروری ہے نیز سبزیوں کی کاشت سے چند روز قبل گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈالنے سے زمین مزید بہتر پیداوار دینے کا موجب بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشت کا ر محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے ایسی اقسام کا بیج استعمال کریں جو اگاؤ کی بہتر شرح کے ساتھ ساتھ کیڑے مکوڑوں کے حملہ اور مختلف بیماریوں کے خلاف بھر پور قوت مدافعت رکھتی ہوں۔