بلوچستان کے 30اضلاع میں آج سے انسداد پولیو مہم شروع ہوگی

23لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے رواں سال بلوچستان میں پولیو کا ایک کیس سامنے آیا،کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان ڈاکٹر سیف الرحمن

اتوار 13 مارچ 2016 17:13

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 مارچ۔2016ء) کوارڈی نیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا ہے کہ بلوچستان کے 30اضلاع میں پولیو مہم آج (پیر) سے شروع ہورہی ہے جس کے دوران 23لاکھ 83ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ، کوئٹہ میں پولیو ورکرز کی حفاظت کیلئے 1300پولیس اہلکار وں کے علاوہ ایف سی اور لیویز کے اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے رواں سال کے دوران پاکستان بھر میں پولیو کے 6کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے ایک کیس کوئٹہ میں سامنے آیا ۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ اسوقت دنیا بھر میں پاکستان اور افغانستان دو ایسے ممالک ہیں جہاں پر پولیو وائرس موجود ہے پولیو مہم کے خاتمے کے لئے گذشتہ دنوں ہماری ایک مشترکہ کراس بارڈر میٹنگ افغان حکام سے منعقد ہوئی جس میں دونوں ممالک کے سرحدی علاقوں میں پولیو کے خطرے سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں کاعزم کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مائیکرو پلان ایک دوسرے سے شیئر کئے جائیں گے تاکہ پولیو سے نمٹنے میں ایک دوسرے سے تعاون کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے 30اضلاع کی 640یونین کونسلوں میں تین روزہ انسداد پولیو مہم میں 14مارچ سے شروع ہورہی ہے جس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 23لاکھ83ہزار 310بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اس مہم دوران 6ہزار 616موبائل ٹیمیں 820فکسڈ سائٹ اور 334ٹرانزٹ پوائنٹس پر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کیلئے سیکورٹی کے انتظامات بھی مکمل کرلئے گئے ہیں جس میں ضرورت کے مطابق بلوچستان لیویز ، پولیس کا عملہ تعینات ہوگا اور فرنٹیر کور بلوچستان بھی اضافی سیکورٹی فراہم کریگی ۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں اور باربار پلائیں کیونکہ وائرس یہاں موجود ہے جو کسی بھی وقت ان بچوں پر حملہ آور ہوسکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ رواں سال پاکستان میں پولیو کے 6کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس میں ایک کیس کوئٹہ سے سامنے آیا ہے۔

متعلقہ عنوان :