انجمن تاجران بلوچستان کے نام سے ایک نئی تاجر تنظیم کی بنیاد رکھ دی گئی

تنظیم بلا رنگ و نسل تاجروں کی خدمت کریگی،رحیم آغا

اتوار 13 مارچ 2016 17:17

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 مارچ۔2016ء) انجمن تاجران بلوچستان کے نام سے ایک نئی تاجر تنظیم کی بنیاد رکھ دی گئی ہے جو بلا رنگ و نسل تاجروں کی خدمت کریگی۔ یہ بات انجمن تاجران بلوچستان کے رہنماوں رحیم آغا، حاجی عاشق اچکزئی اوردیگر نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ رحیم آغا نے کہا کہ صوبہ بلوچستان اس وقت دنیا میں اور خاص طورپر جنوبی ایشیاء میں ایک خاص مقام رکھتا ہے اورتمام دنیا کی نظریں صوبہ بلوچستان پر مرکوز ہیں خاص کر اقتصادی راہداری روٹ کے حوالے سے صوبے کی اہمیت بڑھ گئی ہے اس روٹ کا زیادہ تر فائدہ بلوچستان کے تاجروں اورعوام کو پہنچنا چاہئے بلوچستان کی سیاسی جماعتوں نے اس مسئلے ے حوالے سے اپنی سطح پر آل پارٹیز کانفرنسوں کا انعقاد کیا لیکن تاجر برادری کی جانب سے کوئی موثر آواز نہیں اٹھائی گئی حالانکہ اس مسئلے میں سب سے پہلے تاجر برادری کوآنا چاہئے تھا لیکن تاجروں کاموثر پلیٹ فارم اور نمائندگی نہ ہونے کی وجہ سے اس مسئلے پر تاجروں کی آواز کو بلند نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 16سال سے کوئٹہ شہرپرایک غیر قانون اور غیرآئینی تاجر تنظیم جو مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے نام سے ایک مفاد پرست ٹولہ قابض ہے جو شروع سے ہی تاجروں کے نام پراپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دیتے آرہے ہیں مرکزی انجمن تاجران کے منشور میں یہ واضح طور پر درج ہے کہ مرکزی انجمن تاجران کی کابینہ کی مدت دو یا تین سال ہوگی مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ انہوں نے اپنے ہی منشور سے روگردانی کرتے ہوئے گزشتہ سولہ سال سے یہی ٹولہ مرکزی انجمن تاجران پر قابض ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کوئٹہ کے ذمہ دار تاجر نمائندوں کی مشاورت سے مسلسل تین ماہ کی میٹنگوں کے بعد اس نتیجے پر پہنچے کہ ایک نئی منظم تاجر تنظیم بنایا جائے جس کی بنیادخلوص اور مقصد تاجروں کی بلا تفریق خدمت ہو ۔انہوں نے کہا کہ ہم آج انجمن تاجران بلوچستان کے نام سے نئی تاجر تنظیم کا اعلان کرتے ہیں جو بلا رنگ و مذہب تاجروں کی خدمت کریگی جس میں تمام برادر اقوام بشمو ل اقلیت کو نمائندگی دی گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :