فیصل آباد ، پنجاب حکومت نے لیگی ارکان اسمبلی پر ترقیاتی فنڈز کی بارش کر دی

‘ ہر ایم این اے کو پچیس اور ہر ایم پی اے کو بارہ کروڑ روپے ملیں گے‘ اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اسمبلی فنڈز سے محروم‘

اتوار 13 مارچ 2016 17:33

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 مارچ۔2016ء) پنجاب حکومت نے (ن) لیگی ارکان اسمبلی پر ترقیاتی فنڈز کی بارش کر دی‘ ہر ایم این اے کو پچیس کروڑ روپے اور ہر ایم پی اے کو بارہ کروڑ روپے ملیں گے‘ اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اسمبلی فنڈز سے محروم‘ بلدیاتی اداروں کے سر براہوں کا انتخاب بھی جلد عمل میں آنے کا امکان‘ ممکنہ ٹف ٹائم سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تیار کر لی گئی‘ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے موجودہ صورت حال کے تناظر میں اقدامات شروع کر دیئے ہیں اور ممکنہ ٹف ٹائم سے نمٹنے کیلئے حکومتی جماعت کے ارکان اسمبلی پر”نوازشیں“ شروع کرتے ہوئے ترقیاتی فنڈز کی بارش کر دی ہے جس کے تحت ہر رکن قومی اسمبلی کو پچیس کروڑ اور ہر ایم پی اے کو بارہ کروڑ روپے ملیں گے گے جبکہ اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز سے محروم رکھا جائے گا ۔

(جاری ہے)

بلدیاتی اداروں کے سر براہوں کا انتخاب بھی جلد عمل میں آنے کا امکان ہے‘ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی پر”نوازشوں“ کے بعد بلدیاتی اداروں کے سر براہوں کا انتخاب جلد عمل میں لایا جائے گا اور نو منتخب بلدیاتی نمائندوں پر بھی ترقیاتی فنڈز کی بارش کا امکان ہے ۔