ریلوے ملازمین ملک میں ہونے والی اربوں روپے کی کرپشن کے خلاف 16مارچ کو احتجاج کریں گے

کرپشن کے خاتمہ سے ہی قومی اداروں کا بچاؤ ممکن ہے، مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری

اتوار 13 مارچ 2016 17:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 مارچ۔2016ء) ریلوے کے ملازمین ملک میں ہونے والی اربوں روپے کی کرپشن کے خلاف 16مارچ کو احتجاج کریں گے ،قومی اداروں کی نجکاری ملک سے غداری کے مترادف ہے،کرپشن کے خاتمہ سے ہی قومی اداروں کا بچاؤ ممکن ہے،کسی کو بھی عوامی سرمائے پر موج مستی نہیں کرنے دیں گے،اب قوم نہیں بلکہ حکمرانوں کو قربانی دینا ہو گی۔

ان خیالات کا اظہارریلوے پریم یونین کے مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری نے ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ خالد محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پریم یونین کے قائد حافظ سلمان بٹ کی ہدائت پر ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی 16مارچ کو ریلوے اسٹیشن پر کرپشن کے خلاف احتجاجی ریلی ہوگی ، مظلوم اور محروم عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے ،حکمرانوں کی کارکردگی سے عوام بری طرح مایوس ہیں جبکہ حکمران ابھی تک عوام کو دعوؤں اور وعدوں سے بہلانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک میں اگر کوئی خوشحالی نظر آتی ہے تو اس کی وجہ مزدوروں کی دن رات کی محنت ہے ،حکومت کو دوسال ہونے کو ہیں مگر آج تک وہ اپنے منشور پر عمل کرسکی اورو نہ لیبر پالیسی بنا سکی ہے۔حکومتی ایوانوں میں بیٹھے ظالم جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کوملک کے غریب عوام کے مسائل کا نہ احساس ہے اور نہ ہی وہ ان مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اب تک گزشتہ ادوار میں کی گئی نجکاری سے حاصل ہونے والی آمدن کے بارے میں بھی عوام کو اعتماد میں نہیں لیا،ٹیکس نیٹ بڑھانے کی بجائے ادارے فروخت کرکے غیر ملکی ایجنڈے کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔

حکمران آ ئی ایم ایف کے ایجنڈے پر عمل کرنے کے بجائے خود انحصاری کی پالیسی اختیار کرتے ہوئے ملکی معیشت کو بحال کر نے کی کوشش کریں۔ حکومت قرضوں کے حصول کیلئے آئی ایم ایف کے مطالبات مان کر غریب عوام اور مزدوروں سے دشمنی مول لینے سے باز رہے ۔ آئی ایم ایف پاکستان کی معیشت ، صنعت اور غریب عوام کو تباہ کرنے کے در پے ہے ۔ ، اجلاس سے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ،پریم یونین لاہور صدر قاضی عبدالودود،سیکرٹری فیاض شہزاد،زونل صدر ملک بشیر ،سیکرٹری باؤ طاہر نے بھی خطاب کیا کیا۔

اس موقع پرنورالدین ،محمد طارق ، چوہدری سیف الرحمان ،کاظم فاروق گل، عبدالرزاق میٹ، ظہیر الدین بابر، چوہدری عبدالقیوم، چوہدری آصف جاوید ، محمد شبیر خان، عمران کاہلوں، فتح شیر میٹ،نادرحسین شاہ اور دیگر زونل ذمہ داران بھی موجود تھے

متعلقہ عنوان :