سابق وزیر اعظم محمد خان جونیجو کی 23ویں برسی18مارچ کو منائی جائے گی

اتوار 13 مارچ 2016 17:35

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 مارچ۔2016ء) پاکستان کے سابق وزیر اعظم محمد خان جونیجو کی 23ویں برسی18مارچ کو منائی جائے گی اس سلسلے میں مسلم لیگ کے زیر اہتمام قرآن خوانی،فاتحہ خوانی اوردیگر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گاجس میں مرحوم محمد خان جونیجوکی خدمات پر روشنی ڈالی جائے گی۔ محمد خان جونیجو پاکستان کے دسویں وزیر اعظم تھے وہ24مارچ 1985ء سے 29مئی1988ء تک پاکستان کے وزیر اعظم رہے ہیں۔

(جاری ہے)

محمد خان جونیجو سندھ کے علاقہ سندھڑی میں پیدا ہوئے وہ1985ء کے غیر جماعتی انتخابات میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے جنہیں اس وقت کے صدر پاکستان جنرل ضیاء الحق نے وزیر اعظم نامزد کیا ۔محمد خان جونیجو پاکستان کے ایک انتہائی ایماندار ،کم گو وزیر اعظم تھے۔سانحہ اوجڑی کیمپ کے بعد جنرل ضیاء الحق اور وزیر اعظم محمد خان جونیجو میں اختلافات پیدا ہو گئے جس کے بعد جنرل ضیاء الحق نے8ویں ترمیم کا اختیار استعمال کرتے ہوئے جونیجو حکومت کو بد طرف کر دیا ۔محمد خان جونیجو 18مارچ 1993ء کو انتقال کر گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :