نیسکام ہسپتال کے باہر کھڑی کی گئی رکاوٹیں سی ڈی اے کے این او سی کے بغیر ہیں،

غیر قانونی تجاوزات سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ، سی ڈی اے سے کوئی این او سی لیٹر جاری نہیں ہوا،ہسپتال انتظامیہ کو نوٹس بھجوا دیں گے،ڈائریکٹر انفورسمنٹ سی ڈی اے

اتوار 13 مارچ 2016 17:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 مارچ۔2016ء) نیسکام ہسپتال کے باہر ٹی بلاک کی مد میں کھڑی کی گئی رکاوٹیں وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) کے این او سی کے بغیر ہیں، غیر قانونی تجاوزات سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ٹریفک جام ہونے کی ایک بڑی وجہ بیسیوں کی تعداد میں کھڑے ٹی بلاک ہیں۔سی ڈی اے کے شعبہ انفورسمنٹ کو اس حوالہ سے آگاہ نہیں کیا گیا، سالوں سے سیکورٹی کے نام پرغیر قانونی تجاوزات کے بارے شعبہ انفورسمنٹ کو آگاہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی ہسپتال کے پاس این او سی ہے۔

(جاری ہے)

آن لائن کے رابطہ کرنے پر ڈپٹی ڈائریکٹر انفورسمنٹ عماد الدین نے بتایا کہ ٹی بلاکس کے حوالے سے کوئی این او سی جاری نہیں کیا گیا ہے تاہم ہسپتال انتظامیہ کو نوٹس بھجوا دیں گے جس کے بعد معاملہ سامنے آئے گا ، سی ڈی اے کی جانب سے کوئی لیٹر جاری نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہسپتال انتظامیہ نے اس حوالے سے شعبہ انفورسمنٹ کو آگاہ کیا ہے، ایس ایس پی سٹی کی جانب سے اگر سیکورٹی وجوہات پر اجازت دی گئی ہے تو اس کا علم نہیں لیکن اگر کسی سے اجازت اور این او سی کے بغیر سیکورٹی کے نام پر تجاوزات کی گئی ہیں تو انکے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ پیر کو اس حوالے سے ہسپتال انتظامیہ کو نوٹس بھی بھجوا دیا جائے گا