ملک بھر میں حالیہ بارشوں سے جاں بحق ہونیوالوں کی 49ہوگئی ،80افراد زخمی ،75مکانات تباہ

پیر 14 مارچ 2016 11:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 مارچ۔2016ء ) ملک کے وسطی اور بالائی علاقوں میں چاردنوں کے دوران ہونے والی طوفانی بارشوں سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 49 ہوگئی جبکہ 80 افراد زخمی ہوئے ،سیلابی صورتحال سے75 مکانات کو نقصان پہنچا ، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹے کے دوران بالائی خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان اور فاٹا میں کہیں کہیں تیزہواوٴں اور گرج چمک کیساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

اس دوران بالائی پنجاب ، گوجرانوالا ڈویژن اور کشمیرمیں چند مقامات پر موسلادھار بارش اورچند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔کشمیر، ہزارہ ڈویژن میں لینڈ سلا ئیڈنگ کا امکان بھی ہے جبکہ مقامی ندی نالوں میں طغیانی کے خطرے کے باعث بالائی فاٹا، مالاکنڈ ، ہزارہ ،راولپنڈی ڈویژن کے نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے این ڈی ایم اے کی جانب سے پیر کو جاری کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق بارشوں سے سب سے زیادہ نقصان بلوچستان میں ہوا ہے جہاں 18 افراد کی جان گئی اور 22 زخمی ہوئے جبکہ 49 مکانات کو نقصان پہنچا۔

اس کے علاوہ قبائلی علاقوں میں 15، پنجاب میں دس اور خیبر پختونخوا میں چھ افراد جاں بحق ہو گئے۔ زخمیوں میں سے 25 کا تعلق قبائلی علاقہ جات، 15 کا خیبر پختونخوا اور 18 کا پنجاب سے بتایا گیا ہے۔ بارشوں کے نتیجے میں سب سے مہلک حادثہ لوئر اورکزئی ایجنسی کے علاقے ڈولی میں پیش آیا جہاں بارش کی وجہ سے کوئلے کی کان بیٹھنے سے دس مزدور جاں بحق ہوئے۔ منہدم ہونے والی کان سے اتوار کی شب مزید دو لاشیں نکالے جانے کے بعد وہاں امدادی آپریشن ختم کر دیا گیا۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق وادی سوات کے ضلع شانگلہ الپوری اور اورکزئی ایجنسی سے بتایا گیا ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ایک سے دو دن کے وقفے کے بعد ملک میں بارشوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو سکتا ۔

متعلقہ عنوان :