فلسطین سے تعلق رکھنے والی استانی نے دس لاکھ امریکی ڈالر کا گلوبل ٹیچر ایوارڈ جیت لیا

پیر 14 مارچ 2016 13:01

فلسطین سے تعلق رکھنے والی استانی نے دس لاکھ امریکی ڈالر کا گلوبل ٹیچر ..

غزہ/دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مارچ۔2016ء) فلسطین سے تعلق رکھنے والی ایک استانی نے دس لاکھ امریکی ڈالر کا گلوبل ٹیچر ایوارڈ جیت لیا جس کا اعلان پوپ فرانسس نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے کیا۔حنان الحروب بذات خود فلسطین کے پناہ گزین کیمپ میں پلی بڑھیں اور اب وہ انھی پناہ گزینوں کو تعلیم دیتی ہیں ‘ وہ تشدد زدہ طلبہ کو تعاون فراہم کرنے میں اختصاص رکھتی ہیں۔

فاتح کا اعلان دبئی میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا اور برطانوی شہزادہ ولیمز نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے مبارکباد دی۔پوپ فرانسس نے اپنے پیغام میں کہا کہ اساتذہ امن و اتحاد کے معمار ہوتے ہیں اس موقع پر حنان الحروب نے ناظرین سے کہا کہ ’اساتذہ دنیا بدل سکتے ہیں۔بیت اللحم کے پناہ گزین کیمپ میں پرورش پانے والی الحروب پناہ گزین بچوں کو کھیل کے ذریعے تعلیم دیتی ہیں تاکہ ان کے ذہنوں سے تشدد اور کشیدگی ختم ہو۔

(جاری ہے)

ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد انھوں نے کہا کہ ایک فلسطینی خاتون استاد کی حیثیت سے مجھے اس سٹیج پر کھڑے ہونے میں فخر محسوس ہو رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ وہ یہ انعامی رقم اپنے شاگردوں پر خرچ کریں گی۔شہزادہ ولیمز نے اساتذہ کی زبردست ذمہ داری کے حوالے سے کہا کہ وہ بہتر زندگی کیلئے بچوں کو متاثر کر سکتے ہیں انھیں تحریک دے سکتے ہیں۔گلوبل ٹیچر کے انعام کے فائنلسٹوں میں افغانستان ‘ بھارت ‘ کینیا ‘ فن لینڈ اور امریکہ کے اساتذہ شامل تھے۔

انعام کا قیام ورکی فاوٴنڈیشن نے کیاجو جیمز انٹرنیشنل ایجوکیشن کمپنی کا فلاحی ادارہ ہے اور ایوارڈ کی آسکر جیسی تقریب درس و تدریس کے پیشے کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے ہے ‘تقریب میں سابق برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن رشید المکتوم کے علاوہ سلمی ہائیک، میتھیو میکونوگی، اکشے کمار اور ابھیشک بچن جیسے فلمی ستارے بھی شریک ہوئے۔

دس فائنلسٹوں کو معروف سائنسداں سٹیفن ہاکنز کے ویڈیو پیغامات کے ذریعے سٹیج پر بلایا گیا اور انھیں امریک نائب صدر جو بائڈن اور سابق صدر بل کلنٹن نے مبارک باد دی۔ورکی فاوٴنڈیشن کے بانی سنی ورکی نے کہا کہ حنان الحروب کی کہانی ان لوگوں کے لیے مشعل راہ ہوگی جو تعلیم و تعلم کے پیشے کو اپنانا چاہتے ہیں۔فائنلسٹوں میں فن لینڈ کی مارت روسی پاکستان آنے والی افغانی پناہ گزین عقیلہ آصفی کینا کے ایوب محمود، بھارت میں ممبئی کے روبن چورسیا، آسٹریلیا کے رچرڈ جانسن، امریکہ میں پین سلوانیا کے مائکل سوسکل، جاپان کے کزویا تاکاہاشی اور امریکی ریاست الینوا کے جو فادری شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :