گندھارا ہندکو بورڈ کے تحت موسیقی کے پروگرام کا انعقاد

پیر 14 مارچ 2016 13:25

پشاور۔14 مارچ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 مارچ۔2016ء )گندھارا ہندکو بورڈ پاکستان کو محکمہ ثقافت حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے ملنے والے رچ پراجیکٹ کے تحت ہندکولوک موسیقی کے پروگرام کا انعقاد کیاگیا ۔یہ پروگرام پشاور کے تاریخی علاقے تحصیل گورگٹھڑی میں منعقدہوا ۔جس میں مقامی موسیقار وں و گلوکاروں نے ہندکو لوک گیتوں سے سامعین کو محظوظ کیا۔

پروگرام میں مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مقامی لوگوں نے حکومت اور گندھارا ہندکو بورڈ پاکستان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام مقامی ثقافت اور مقامی لوک موسیقی کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوتے ہیں اور مستقبل میں بھی اس قسم کے پروگرام جاری رہنے چاہئیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گندھارا ہندکو بورڈ پاکستان کو کلچرل ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا نے بہترین کارکردگی کی بنیاد پر ہندکو ثقافتی، ادبی پروگراموں کی ترویج وترقی کے لئے رچ پراجیکٹ کے لئے منتخب کیا ہے۔

اس پراجیکٹ کے تحت گندھارا ہندکو بورڈ 3کامیاب پروگرام منعقد کروا چکا ہے جبکہ ماہ رواں کے آخر تک مزید پروگراموں کا انعقاد بھی کررہا ہے۔گندھارا ہندکو بورڈکی طرف سے ان پروگراموں کی کوآرڈینیشن نسیم محی الدین اور علی اویس خیال کر رہے ہیں۔