رِیڈ اینڈرائٹ پاکستان اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت کا معاہدہ

پیر 14 مارچ 2016 13:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 مارچ۔2016ء) رِیڈ اینڈ رائٹ پاکستان اور نیشنل بک فاؤنڈیشن کے مابین گزشتہ روز عاداتِ مطالعہ اورکتب بینی کے فروغ کے لیے دونوں اداروں کے درمیان باہمی اشتراک و تعاون کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت کا ایک معاہدہ طے پا گیا۔ آر آر پی کی جانب سے ڈائریکٹر ظہیر احمد اوراین بی ایف کی جانب سے سیکرٹری این بی ایف آفتاب سومرو نے دستخط کیے۔

اس موقع پر نیشنل بک فاؤنڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق جاوید سمیت طرفین کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ معاہدے کی رُو سے جڑواں شہروں میں موبائل بک کلب اور موبائل لائبریریوں میں مطالعاتی مہم چلاتے ہوئے این بی ایف کی ”بکس آن ویل“ سکیم کے تحت کتب بینی اور عاداتِ مطالعہ کے فروغ اور طلبہ تک اس مہم کے ثمرات پہنچانے کے لیے باہمی طور پر بھرپور تعاون کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

این بی ایف کے ایم ڈی ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے اس موقع پر کہا کہ عاداتِ مطالعہ کا فروغ این بی ایف کے بنیادی مقاصد کی ایک اہم شق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے طلبہ اور سول سوسائٹی تک مطالعے کے فروغ کا پیغام پہنچ سکے گا۔ آرآر پی کے ڈائریکٹرظہیر احمد نے کہا کہ اس معاہدے سے نہ صرف لکھنے اور پڑھنے کے رجحان کو تقویت ملے گی بلکہ معاشرے میں امید افزاء رجحانات کو بھی فروغ ملے گا۔ سیکرٹری این بی ایف آفتاب سومرو نے کہا کہ اس معاہدہ کے تحت نیشنل بک فاؤنڈیشن کم قیمت کتب اور ہیومن ریسورسز فراہم کرے گا۔ تقریب میں موجود دیگر شرکاء نے کہا کہ اس مفاہمتی یادداشت کے ذریعے مطالعے کے کلچر کو مستحکم کرنے اور فروغ دینے میں بہت مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :