شہزادہ محمد بن سلمان کا شیخ الازھرکو فون،فرقہ پرستی کی مخالفت پرخراج تحسین

پیر 14 مارچ 2016 14:24

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مارچ۔2016ء) سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے مصر کی دینی درسگاہ جامعہ الازھر کی جانب سے دہشت گردی، انتہا پسندی اور فرقہ پرست قوتوں کی مخالفت کے حوالے سے اختیار کردہ موقف کی تائید کرتے ہوئے ادارے کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے شیخ الازھر کے سربراہ ڈاکٹر احمد الطیب سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور ان کی جانب سے فرقہ پرست عناصر کیخلاف اختیار کردہ موقف پرسعودی عرب کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی۔

شہزادہ محمد نے کہا کہ جامعہ الازھر نے موجودہ حالات میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی کیخلاف جو اصولی اور جاندار موقف اپنایا ہے، سعودی عرب اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب شیخ الازھر نے سعودی عرب کی تائید وحمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ الازھر پوری مسلم امہ کو ایک کلمے پر جمع کرنے اور ان کی صفوں میں وحدت پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ واضح رہے کہ جامعہ الازھر نے دو روز قبل عراقی وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری کے اس بیان کی شدید مذمت کی تھی جس میں انہوں نے حزب اللہ اور عراقی ملیشیا حشد الشعبی کی حمایت کرتے ہوئے ان کی کارروائیوں کی تحسین کی تھی۔ شیخ الازھر کے بیان میں کہا گیا تھا کہ حزب اللہ اور اس قبیل کے دوسرے گروپ خطے میں فرقہ واریت پھیلا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :