2015 ء کے دوران6 ارب40 کروڑ یورو خالص منافع ہوا ، بی ایم ڈبلیو

پیر 14 مارچ 2016 14:41

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 مارچ۔2016ء) جرمنی کی صف اول کی کار ساز کمپنی بی ایم ڈبلیو نے کہا ہے کہ 2015 ئکے دوران اسے چھ ارب چالیس کروڑ یورو خالص منافع ہوا جس کی وجہ گاڑیوں کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ ہے۔کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ہیرالڈ کروگر نے رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ2015 ء کے دوران کمپنی کو مسلسل چھٹے سال منافع ہوا جبکہ ہرسال منافع کی شرح پچھلے سال کی نسبت زیادہ رہی۔

انھوں نے کہا کہ پچھلے سال کے دوران مارکیٹ کی غیر مستحکم صورتحال کے باوجود کاروں کی فروخت،آمدنی اور خالص منافع میں ریکارڈ منافع ہوا۔سال کے دوران منافع 10 فیصد اضافے کے ساتھ 6.4 ارب یورو (7 ارب ڈالر ) رہا جس کے بعد شیئر ہولڈرز کو 3.20 یورو فی حصص اضافی منافع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ کمپنی نے مالیاتی سال کے دوران اپنے تمام اہداف حاصل کر لیے۔

انھوں نے بتایا کہ سال کے دوران کاروں کی فروخت 6.4 فیصد اضافے کے ساتھ 2.247 ملین گاڑیاں رہی جس کی وجہ ملکی کرنسی کی مستحکم و مناسب شرح تبادلہ ہے۔کمپنی کی مجموعی آمدنی 14.6 فیصد بڑھنے کے بعد 92.2 ارب یورو رہی جس کے نتیجے میں آپریٹنگ منافع 5.2 اضافے کے ساتھ 9.6 ارب یورو تک پہنچ گیا تاہم بعد از ٹیکس منافع 6.4 ارب یورو رہا۔توقع ہے کہ 2016 ء کے دوران بھی کاروں کی فروخت میں اضافے کا سلسلہ جاری رہے گا۔