امریکہ ،اقوام متحدہ اوراور نیٹو کی انقرہ دھماکے کی شدید مذمت ، جانی نقصان پر افسوس کااظہار

پیر 14 مارچ 2016 14:49

واشنگٹن/ برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 مارچ۔2016ء ) امریکہ ،اقوام متحدہ اوراور شمالی بحرِ اوقیانوس کے ممالک کے اتحاد نیٹو نے ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کااظہار کیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ امریکہ انقرہ دھماکے کی شدید مذمت اور مرنے والوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ ہم دہشت گردی کے مشترکہ خطرے سے لڑنے کے لیے اپنے نیٹو اتحادی ترکی سے مضبوط شراکت کا اعادہ کرتے ہیں۔نیٹو نے ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ مرنے والوں کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ اس قسم کے پرتشدد اور خوفناک اقدام کی کوئی توجیح پیش نہیں کی جا سکتی۔اقوام متحدہ نے بھی انقرہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔گزشتہ روز انقرہ میں ہونے والے دھماکے میں 37افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔