زرعی سائنسدان اور کاشتکار اپنی مشترکہ کاوشوں سے گندم کی بہتر دیکھ بھال سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کو یقینی بنائیں‘وزیر زراعت پنجاب

پنجاب حکومت زرعی اجناس کو موسمی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے موثر پیش بندی اور سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے‘ڈاکٹر فرخ جاوید

پیر 14 مارچ 2016 14:59

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مارچ۔2016ء)صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ زرعی سائنسدان اور کاشتکار اپنی مشترکہ کاوشوں سے گندم کی بہتر دیکھ بھال سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کو یقینی بنائیں اورگندم کے اس سال کے ایک کروڑ 95لاکھ ٹن پیداواری ہدف کے حصول کو ممکن بنایا جائے‘پنجاب حکومت زرعی اجناس کو موسمی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے موثر پیش بندی اور سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے‘ محکمہ زراعت نے زرعی سائنسدانوں کی سفارش پر گندم کی بوائی کے موقع پر صوبہ کے 23 ہزار 8 سو 90 دیہات کے منتخب کاشتکاروں کو گندم کی زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل منظور شدہ اقسام کا کنگی کی بیماری سے محفوظ بیج مفت فراہم کیا ‘پنجاب حکومت کے اس بروقت اقدام سے اگلے سال تمام کاشتکاروں کو گندم کی ترقی دادہ اقسام کا کنگی سے محفوظ بیج دستیاب ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گندم کی فصل کی صورتحال اور ممکنہ بیماریوں کے تدارک کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے قصور کے دورہ کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر زراعت نے قصور میں گندم کی زیر کاشت فصل کا مختلف مقامات پر جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زراعت( توسیع )ڈاکٹر انجم علی ، ای ڈی او زراعت قصور عبدالمقیت خاں ، ڈی او زراعت ، ڈی او واٹر مینجمنٹ ،ڈپٹی ڈی او زراعت اور دیگر متعلقہ افسران بھی وزیر زراعت کے ہمراہ تھے۔

ڈاکٹر فرخ جاوید نے گندم کی فصل میں بیماری، رس چوسنے والے کیڑوں اور تیلے وغیرہ کے حملہ کو چیک کرنے کیلئے قصور میں فتوہی والا ، گنڈا سنگھ والا ، فقیرے والا اور دیگر مقامات پر کھڑی فصل کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر نے گندم کی فصل کے معائنہ کے دوران موقع پر موجود کاشتکاروں سے بھی فصل کے بارے میں دریافت کیا۔ڈاکٹر فرخ جاوید نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ قصور میں گندم کی فصل بہت اچھی ہے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ فصل تمام بیماریوں سے محفوظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار گندم کی فی ایکڑ زیادہ اور اعلیٰ کوالٹی کی حامل پیداوار کے حصول کے لیے محکمہ زراعت کے افسران و عملے سے رابطے میں رہیں اور انکی سفارشات پر بروقت عمل کریں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت زرعی اجناس کو موسمی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے موثر پیش بندی اور سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔ اس موقع پر ماہرین نے گفتگو میں بتایا کہ کاشتکار سُست تیلے کے تدارک کے لیے فصل پرصاف اور ٹھنڈے پانی کا سپرے کریں اور زرعی ادویات کی باقیات سے پاک سپرے مشین کا استعمال کریں۔ماہرین نے بتایا کہ کھیت اور کھالوں کے ارد گرد جڑی بوٹیوں کی تلفی کو یقینی بنائیں تاکہ سُست تیلے کی افزائش کو روکا جاسکے ۔