مغربی تہذیبی یلغار کا مقابلہ کرنے کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ آخری فصیل اور چٹان کی حیثیت رکھتی ہے‘عبدالرشید ترابی

پیر 14 مارچ 2016 15:00

راولپنڈی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مارچ۔2016ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ مغربی تہذیبی یلغار کا مقابلہ کرنے کے لیے اسلامی جمعیت طلبہ آخری فصیل اور چٹان کی حیثیت رکھتی ہے ،اسلامی جمعیت طلبہ نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت اور کردار سازی کا شاندار کا تاریخی ریکارڈ رکھتی ہے آزاد کشمیر میں نوجوانوں کی کردار سازی کا واحد ادارہ ہے جمعیت اسلامی تحریک کا ہر اول دستہ ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جموں وکشمیر اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم راجہ آفتاب نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی اس موقع پر کیا،ناظم کشمیر نے جمعیت کی سرگرمیوں کی امیر جماعت کو بریفنگ دی ،ان کے ہمراہ سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ محمدشعیب،محمد شکیل و دیگر نوجوان موجود تھے ،وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور آزاد کشمیر میں ہر سطح کی قیادت اسلامی جمعیت طلبہ کی تیار کر دہ اور تربیت یافتہ ہے ،نوجوانوں کے کردار سازی کے حوالے سے تمام ادارے ناکام ہو چکے ہیں ان حالات میں اسلامی جمعیت طلبہ امید کی واحد کرن ہے انہوں نے کہا کہ عالمی استعمار کی تہذیبی یلغار جس طرح ہمارے نوجوانوں کو نشانہ بنا چکی ہے اور بنا رہی ہے لبرل ازم کے نام پر این جی اوز کا ایجنڈا نوجوانوں کو دین اور دینی اقدار سے لاتعلق کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اس چیلنج کا بھی جمعیت ہی مقابلہ کررہی ہے ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ اس کردار کو اور موثر اور چیلنج سے عہدہ براہونے کے لیے عالمگیر اور موثر بنایا جائے اس حوالے سے ایک ایک نوجوان اور طالب علم تک قرآن وسنت کی دعوت پہنچائی جائے ان کی کردار سازی پر توجہ دی جائے طلبہ کو ایک ایسا ماحول فراہم کیاجائے جس میں وہ اپنی کردار سازی اور تعلیمی استداد میں اضافہ کر سکے اس کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کشمیر کی آگاہی کے حوالے سے بھرپور سرگرمیوں کا اہتمام کیا جائے تاکہ نوجوان نسل مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر اور اس عظیم جدوجہد سے بھی آگاہ ہو نے کے ساتھ ساتھ اپنا کردار ادا کر سکے جس طرح مقبوضہ کشمیرمیں نوجوان اس تحریک کا ہر اول دستہ ہیں اسی طرح یہاں کے نوجوانوں کے اندر بھی مہم چلانے کی ضرورت ہے کہ وہ اسلامی تحریک کا ہر اول دستہ بنیں ،انہوں نے کہا کہ طلبہ کی قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگرکرنے کے لیے ضروری ہے کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ یونین بحال کی جائے تمام سیاسی جماعتیں ضابطہ اخلاق طے کریں کہ وہ طلبہ کے معاملات میں مداخلت نہیں کریں گی تا کہ طلبہ یونیز اپنا اصل کام کرسکیں ،اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ آمدہ انتخابات کرپٹ نظام کی تبدیلی اور تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے اہمیت کے حامل ہیں اس لیے نوجوان اس میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔