صوبہ کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے ‘ پی ڈی ایم اے

پیر 14 مارچ 2016 15:07

پشاور۔14 مارچ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 مارچ۔2016ء) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان نے کہا ہے کہ صوبہ کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے ہیں۔ گزشتہ تین روز کے دوران وقفوں کے ساتھ جاری بارش کے باعث مکانات گرنے کے نتیجے میں مردان اور بنوں میں 2،2 جبکہ ٹانک اور ملاکنڈ ایجنسی میں ایک، ایک شخص جاں بحق جبکہ مردان میں 7،ٹانک میں4اور پشاور اور دیر لوئر میں 2 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

بارشوں نے صوبے کے مختلف علاقوں میں مکانات کو بھی نقصان پہنچایا جن میں 15 ایبٹ آباد میں ، پشاور4، مردان 7 اور بنوں‘ صوابی ‘ ٹانک ‘ ملاکنڈ اور دیر اپر میں ایک ایک مکان شامل ہیں۔ پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائی جاری ہے جن میں پی ڈی ایم اے حکام متعلقہ انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیاں کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء محکمہ موسمیات نے ملاکنڈ ‘ ہزارہ ‘ پشاور ‘ مردان ڈویژن اور فاٹا میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں اور صوبے کے مختلف پہاڑی علاقوں میں برف باری کی پیشن گوئی کی ہے۔ ملم جبہ میں سب سے زیادہ 59 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ دیر میں 45 ‘ چراٹ 37 ‘ بالاکوٹ 27 ‘ رسالپور 21 ‘ سیدو شریف 20 ‘ چترال 16 ‘ دروش ‘ کالام ‘ کاکول 12 ‘ 12 ‘ پشاور 8 ‘ پارا چنار 10 ‘ پٹن 9 اور کوہاٹ میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

متعلقہ عنوان :