جاپان میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام صنعتی شعبہ کے فروغ پر سیمینار

پاکستان میں آئی ٹی کی صنعت کے لئے ہنر مند افرادی قوت دستیاب ہے ،پاکستانی سفیر

پیر 14 مارچ 2016 15:27

اسلام آباد ۔ 14 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 مارچ۔2016ء)جاپان میں پاکستانی سفارتخانے ، جاپان کے غیر ملکی تجارت کے ادارے ، جاپان چیمبر آف کامرس اور جاپان میں مقیم پاکستانی تاجر برادری کی تعاون تنظیم کے زیر اہتمام پاکستان میں صنعتی شعبہ میں فروغ پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس سے نجی شعبہ کی شراکت سے خصوصاًٰ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت کے فروغ میں مدد ملے گی اور پاکستان سافٹ ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن کے اعدادوشمار کے مطابق آئی ٹی کے شعبہ کی برآمدات کو آئندہ 5 سال کے دوران 10ارب ڈالر تک بڑھانے میں مدد ملے گی۔

ٹوکیو سے موصول ہونے والے پیغام کے مطابق سیمینار کے موقع پر جاپان میں پاکستان کے سفیر فرخ عامل نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی معیشت میں مثبت تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفیر نے سیمینار کے شرکاء کو بتایا کہ پاکستان میں آئی ٹی کی صنعت کے لئے افرادی قوت کی کوئی کمی نہیں ہے اور یہاں پر دنیا کے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے مقابلے میں سستی اور ہنر مند افرادی قوت دستیاب ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کی صنعت کی شرح نمو سالانہ 30فیصد ہے اور 1980ء کی دہائی سے شروع ہونے والی صنعت نے گزشتہ چند سالوں میں خاطر خواہ ترقی کی ہے ۔ پاکستانی سفیر نے جاپان کی کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے موقع سے فائدہ اٹھائیں اور سرمایہ کاری پر حاصل ہونے والی پرکشش مراعات سے استفادہ کریں۔جاپانی کی بیرونی تجارت کے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل کیرو شیریشی نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں یہاں پر ہنر مند افرادی قوت ، کاروباری آسانیاں اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر پرکشش مراعات دی جاتی ہیں۔

انہوں جاپانی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری پر دلچسپی لینے پر خصوصی تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کی میزبانی قابل تعریف ہے ۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ کاروباری اور تجارتی حوالے سے اپنے تجربات سے بھی سیمینار کے شرکاء کو آگاہ کیا۔سیمینار کے شرکاء کو بتایا گیا کہ پاکستان میں مینوفیکچرنگ اور خدمات کے شعبوں میں کام کرنے کیلئے ہنرمند اور اہل افرادی قوت دستیاب ہے جبکہ حکومت پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پرکشش مراعات کی پیش کش کرتی ہے