جاوید میانداد کی شاہد خان آفریدی کے بیان پر شدید تنقید

پیر 14 مارچ 2016 16:30

جاوید میانداد کی شاہد خان آفریدی کے بیان پر شدید تنقید

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 مارچ۔2016ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے شاہد آفریدی کے متنازع بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کپتان کو بہت سوچ سمجھ کر بولنا چاہیئے کیوں کہ وہ ایک ملک کی نمائندگی کررہے ہوتے ہیں۔ شاہد آفریدی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ کپتان کو بہت جلدی جلدی بولنے کی بجائے سوچ سمجھ جوابات دینے چاہیئیں اور اپنا فوکس صرف کرکٹ پر رکھنا چاہیئے کیوں کہ آپ وہاں کوئی رشتہ داریاں نبھانے کے لیے نہیں گئے ہوتے ،اگر کوئی عزیز بھی آپ کی مخالف ٹیم میں موجود ہو تب بھی وہ اس وقت آپ کا حریف ہوتا ہے ، ہم نے آج تک کسی بھارتی کپتان کو پاکستانی لوگوں کے بارے میں ایسے خیالات کا اظہار کر تے نہیں سنا ہے۔

میانداد نے آفریدی کے بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ٹیم کو کولکتہ پہنچے ایک دن نہیں ہوا تھا ،اتنی دیر میں انہو ں نے ایسا کیا کر دیا کہ آفریدی ان کی تعریفوں کے پل باندھنے لگے۔

(جاری ہے)

سابق کپتان نے آفریدی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان سے تو ایسے لگتا ہے کہ ہم نے انہیں یہاں پتھر مارے ہیں ، ٹیم میں کئی ایسے لڑکے ہیں جو پرفارمنس دیئے بغیر سکواڈ کا حصہ ہیں ،اگر وہ کرکٹ بورڈ میں ہوتے تو ان میں کئی کھلاڑی د و یا تین میچز میں پرفارمنس نہ دینے پر ٹیم میں نہ رہتے تاہم چونکہ بورڈ میں اوپر سے نیچے تک آوے کا آوا بگڑا ہوا ہے اس لیے وہ بغیر پرفارم کیے کھیلے جارہے ہیں۔