سالانہ سپورٹس ڈے کل پنجاب سٹیڈیم میں ہوگا

پیر 14 مارچ 2016 16:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 مارچ۔2016ء)پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج اور لاہور جنرل ہسپتال کے زیراہتمام سالانہ سپورٹس ڈے آج (15مارچ )کو پنجاب سٹیڈیم میں منعقد ہورہا ہے جس میں مذکورہ اداروں کے ڈاکٹرز‘ طلبا و طالبات جوش و خروش سے حصہ لیں گے۔ پرنسپل پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ پروفیسر خالد محمود نے یہاں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ رنگارنگ تقریب مختلف گیمز چاٹی ریس‘ تھری لیگ ریس‘ بیک ریس اور ریلے ریس کے علاوہ میوزیکل چیئرز‘ بینڈ مارچ اور گول گپے کھانے کے مقابلوں جیسے دلچسپ ایونٹ سے مزین ہوگی جبکہ اساتذہ اور طلبہ میں میچ بھی ہوگا۔

پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ طب سے وابستہ افراد ہمارے معاشرے کا اہم طبقہ ہیں۔

(جاری ہے)

یہ لوگ دن رات بڑے پریشر میں کام کرتے ہیں اس لئے انہیں صحتمندانہ تفریحی اور کھیل کے مواقع کی فراہمی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اورملازمین جن حالات اور ماحول میں کام کرتے ہیں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ذہنی و جسمانی نشوونما کی مثبت غیرنصابی سرگرمیوں کی فراہمی سے تفریحی کے علاوہ ان کی کام کرنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی جی ایم آئی و امیر الدین میڈیکل کالج کے سپورٹس ڈے میں ڈاکٹروں اور ملازمین کی فیملیز بھی شرکت کرینگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ادارے میں مثبت اور جاندار روایات قائم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔