پاکستان کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے افغان طالبان کا شکریہ ادا کر دیا

افغان طالبان پاکستان کے دشمن نہیں‌ہیں۔ حمزہ علی عباسی کا فیس بک پر پیغام سوشل میڈیا پر حمزہ علی عباسی کو بے جا تنقید کا سامنا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 14 مارچ 2016 17:21

پاکستان کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے افغان طالبان کا شکریہ ادا ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 مارچ 2016ء) : پاکستان کے معروف اور ہر دل عزیز اداکار حمزہ علی عباسی سوشل میڈیا پر خاصے ایکٹو نظر آتے ہیں اور یہی نہیں سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بُک پر ان کے مداحوں کی تعداد تین ملین سے بھی زائد ہے ۔ حمزہ علی عباسی اکثر ہی فیس بک پر موجود اپنے آفیشل پیج پر مختلف ملکی اور سیاسی صورتحال سے متعلق پوسٹ کرتے رہتے ہیں جس پر انہیں خاصی پذیرائی بھی ملتی ہے تاہم گذشتہ ہفتے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر اپنے پیج پر کی گئی حمزہ علی عباسی کی ایک پوسٹ نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی۔

اپنی اس پوسٹ میں پہلے تو حمزہ علی عباسی نے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صاحبزادے شہباز تاثیر کی اغواکاروں کے چنگل سے صحیح سلامت واپس اپنے گھر آ جانے اور ان کی بہادری کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ حمزہ علی عباسی نے بے جا ہمت اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے۔ اور دعا ہے کہ وہ اب پُر امن طریقے سے اپنے گھر میں رہ سکیں۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ سننے میں آیا ہے کہ شہباز تاثیر داعش کے فنڈ کردہ ازبک اغواکاروں کے چنگل سے افغان طالبان کے حقانی نیٹ ورک کے زابل میں حملے کے دوران بچ گئے ، بعد ازاں افغان طالبان کو جب ان کی شناخت کا علم ہوا تو انہوں نے شہباز تاثیر کو بحفاظت کچلاک پہنچایا۔

حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ باوجود اس کے کہ ہم افغان طالبان کی اسلام کی غلط تشریح سے متفق نہیں ہیں، افغان طالبان پاکستان کے دشمن نہیں ہیں۔ اپنی پوسٹ کے آخر میں انہوں نے کہا کہ ہمیں افغان طالبان کو ”شکریہ“ کہنا چاہئیے۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر حمزہ علی عباسی کے اس بیان کے بعد ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے جبکہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے حمزہ علی عباسی کو شدید تنقید کا بھی سامنا ہے۔ یہاں تک کہ متعدد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے حمزہ علی عباسی کو اس پوسٹ پر احمق بھی قرار دیا جانے لگا ہے۔

پاکستان کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے افغان طالبان کا شکریہ ادا ..