تیز بارش اور ژالہ باری کی پیشن گوئی کے پیش نظر کسانوں کو ضروری اقدامات کی ضروری ہدایات جاری

پیر 14 مارچ 2016 17:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 مارچ۔2016ء) صوبائی زرعی اطلاعات ،ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخواکی طرف سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق صوبے کے تمام کاشتکاروں کو خبردار کیاگیا ہے کہ رواں ہفتے متوقع تیز بارش اورژالہ باری کے نتیجے میں کھڑی فصلات کو درپیش نقصانات سے بچانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ محکمہ زراعت نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ متوقع بارشوں سے موسم ربیع کی فصلات گندم، چنا اورسبزیات کوپہنچنے والے نقصانات کاکافی خطرہ موجودہے۔

ا س لئے کسان حفظ ماتقدم کے طورپر سبزیات کو دی جانے والی آبپاشی فوری طورپر روک دیں ۔کھیت سے نکاسی آب کاایمرجنسی بنیادوں پر انتظامات کریں اورکھیت میں ہرگز پانی کھڑانہ ہونے دیں۔ سبزیات کو ژالہ باری سے بچانے کے لئے دوران بارش کھیت پر پلاسٹک کاکور چڑھائیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح ترتیب شدہ ہر قسم کاسپرے وغیرہ موخر کردیں۔ کیونکہ بارشوں کی صورت میں زرعی زہروں کااثر ضائع ہوجاتاہے ۔

وہ زمیندار جنہوں نے نائٹروجنی کھاد استعمال کرلی ہے اسے بھی فی الفور رکوادیں ۔بارش کے بعد زمین کی وتر حالت میں بھی نائٹروجنی کھاد استعمال کی جاسکتی ہے ۔زیادہ بارشوں کی صورت میں گندم کی فصل پرفنجائی سے پیدا ہونے والی بیماریاں کالی کنگھیاری اورزردکنگھیاری کاشدید حملہ ہوسکتا ہے۔ ایسی صورت میں کسان باقاعدگی سے اپنے کھیت کاجائزہ لیا کریں۔

کسی بھی کھیت میں بیماری سے متاثرہ پودے نظر آنے کی صورت اس پودے کو نکال کرکہیں دورزمین میں گہرا دبایاجائے تاکہ بیماری کے پھیلاوٴ کو ختم کرکے یاکم کرا کے گندم کی فصل کو زیادہ نقصان سے بچایا جاسکے۔ بارش کے بعد تیلیہ نامی کیڑے کاحملہ ہونے کا خطرہ رہتاہے۔ کھیت کامتواتر جائزہ لینا چاہیے اورتیلیہ کے حملے کی صورت میں زرعی ماہرین کے مشورے سے ضروری زہرپاشی کرنی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :