ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سیکٹر میں بہتری کے لئے خود مختار پنجاب سکلز ایجنسی کے قیام پر غور

پنجاب گروتھ سٹرٹیجی 2018کے تحت ہر سال 5لاکھ 48ہزار نوجوانوں کو جدید فنی تربیت فراہم کی جائے گی صوبائی وزراء راجہ اشفاق سرور ،چوہدری محمد شفیق ، چیئرمین پی اینڈ ڈی کی پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت

پیر 14 مارچ 2016 18:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مارچ۔2016ء) حکومت پنجاب صوبہ بھر میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سیکٹر میں بہتری لانے کے لئے ایک نئی، آزاد اور خودمختار ’’پنجاب سکلزایجنسی‘‘ کے قیام کے تمام قابل عمل پہلوؤں پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے جس کے تحت ٹیوٹا، پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل اور فنی تربیت کے دیگر اداروں کے معیار کو بہتر بنا یا جائے گا اور ان کی محکمہ جاتی کارکردگی کا بھی ازسرنوجائزہ لیا جائے گا۔

یہ بات صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ایڈٹوریم میں پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام پر عملدرآمد کے لئے قائم اعلی سطحی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں بتائی گئی۔صوبائی وزیر صنعت و کامرس چوہدری محمد شفیق ،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ جہانزیب خان، چیئرمین ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ، پراجیکٹ ڈائریکٹر امیر خٹک ،مختلف محکموں کے سیکرٹریز اور نمائندو ں نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلا س میں پنجاب گروتھ سٹرٹیجی 2018کے تحت اگلے تین سال میں 20لاکھ نوجوانوں کو مقامی انڈسٹری اور بین الاقوامی لیبر مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جدید فنی تربیت کی فراہمی کے شارٹ ٹرم اورلانگ ٹرم پروگراموں کے تحت کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیاگیا ۔پراجیکٹ ڈائریکٹر امیر خٹک نے اجلاس کوبریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ 20لاکھ نوجوانوں کو 2018تک ہنر مند افرادی قوت میں شامل کرنے کے لئے اوسط پانچ لاکھ 48ہزار نوجوانوں کو فنی تربیت دی جائے گی جس کے تحت ہر سال ٹیوٹا ایک لاکھ 40ہزار ،پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل ایک لاکھ 33ہزار ، ٹیوٹا سے منسلک فنی ادارے 41ہزار، حکومتی محکمے 81ہزار جبکہ نجی شعبے میں تربیت فراہم کرنے والے فنی ادارے 93ہزار افراد کو جدید تربیت فراہم کریں گے ۔

وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے کہاکہ وزیراعلی محمد شہبازشریف کے ویژن کے تحت صوبہ پنجاب کے نوجوانوں کی جدید فنی تربیت کے اس شاندار پروگرام سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے اور محکمہ جاتی استعداد کار ، گڈگورننس اور لیبر مارکیٹ کے اجلاس کے لئے ہنر مند لیبر فورس کی تشکیل کے لئے تمام محکمے بھرپور اقدامات کریں ۔وزیرصنعت چوہدری محمد شفیق نے کہاکہ ہنر مند نوجوانو ں کو بہتر آمدن پر مبنی روز گار کی فراہمی کے لئے تمام صنعتی اداروں تک رسائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :