قبائل کے بہتر مستقبل کافیصلہ قبائلی عوام کی امنگوں ،خواہشات کے مطابق کیاجائیگا،اقبال ظفرجھگڑا

کامیابی سے جاری آپریشن ضرب عضب کی بدولت ہم امن واستحکام کے نئے دور میں داخل ہورہے ہیں فاٹا میں امن لوٹ آیا ہے اور ٹی ڈی پیز کی واپسی کا عمل مرحلہ وار جاری ہے ،اب تک 2,85,400 متاثرہ خاندانوں کو اپنے علاقوں میں واپس بھیج دیاگیاہے اپریل میں اورکزئی اور کرم ایجنسی کے متاثرین کے 27 ہزار 5 سو53 خاندانوں کی اپنے علاقوں کو واپسی کا عمل مکمل کرلیاجائیگا،ٹی ڈی پیزکو ترجیحی بنیادوں پر ان کے گھروں کو باعزت طور پر بھجوانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں،گورنرخیبرپختونخوا

پیر 14 مارچ 2016 19:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مارچ۔2016ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفر جھگڑا نے کہاہے کہ قبائلی علاقہ جات میں امن و امان کا قیام ،بدامنی کا خاتمہ اور ٹی ڈی پیز کی واپسی و بحالی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ کامیابی سے جاری آپریشن ضرب عضب کی بدولت ہم امن واستحکام کے نئے دور میں داخل ہورہے ہیں۔ قبائل کے بہتر مستقبل کافیصلہ قبائلی عوام کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق کیاجائیگا۔

انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام کے معیار زندگی کو بہتربنانے اور انتظامیہ کی استعداد کار بڑھانے کیلئے قبائلی عوام کی خواہشات کے مطابق جامع اصلاحات عمل میں لائی جارہی ہے۔فاٹا میں نا انصافی اور کرپشن کو ہر صورت میں ختم کیا جائے گااور اس ضمن میں اقدامات کیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اورکزئی اورکرم ایجنسی کے ٹی ڈی پیز کی اپنے اپنے علاقوں کو واپسی کا عمل اپریل کے مہینے میں مکمل کرلیاجائیگا جبکہ اس سال کے آخر تک تمام ٹی ڈی پیز کی باعزت واپسی کو ہر ممکن یقنی بنایاجائیگا۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمدنوازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کی پالیسیوں پرعملدرآمد کے نتیجے میں ملکی حالات میں بہتری آئی ہے اورامن وامان کی بہتری سمیت دہشت گردی کے خاتمے ، توانائی بحران کے خاتمے ، اقتصادی حالت کی بہتری اور خاص طورپرفاٹا میں ڈی پیز کی باعزت واپسی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہیں۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر صوبے کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کام کریں گے اورسب ک ساتھ لے کرچلیں گے۔

انہوں نے کہاکہ اﷲ کے فضل وکرم سے ملک کو درپیش چیلنجز پرقابو پالیاگیاہے اور اب ہم تعمیروترقی کے سفر پر گامزن ہیں۔ وہ پیرکے روز گورنر ہاؤس پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔گورنرنے کہاکہ انہوں نے ذمہ داریوں کو چیلنج کے طور پرلیا ہے اور اس چیلنج کے مقابلے کیلئے اپنی تمام ترتوانائیاں بروئے کار لارہے ہیں اور فاٹا کے خوشحال مستقبل کو یقینی بنانے اور ٹی ڈی پیز کی باوقار واپسی وب حالی سمیت اس خطے کو قومی دھارے میں لانے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت وزیراعظم محمدنوازشریف کی ذاتی ہدایت اورعملی رہنمائی میں ان متاثرین کی واپسی کے عمل کو کامیاب بنانے سمیت انہیں تمام ترامداد اورسہولیات کی فراہمی میں کوشاں ہے۔انہوں نے پورے ملک اور خاص طور پرفاٹا میں امن وامان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قبائلی عوام ، پاک فوج اور سیکورٹی فورسزکی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اورکہاکہ قوم ہمیشہ ان قربانیوں کو قدرکی نگاہ سے دیکھے گی۔

انہوں نے کہاکہ فاٹا میں امن لوٹ آیا ہے اور ٹی ڈی پیز کی واپسی کا عمل مرحلہ وار جاری ہے اور اب تک 2,85,400 متاثرہ خاندانوں کو اپنے اپنے علاقوں میں واپس بھیج دیاگیاہے۔اپریل کے مہینے میں اورکزئی اور کرم ایجنسی کے متاثرین کے 27 ہزار 5 سو53 خاندانوں کی اپنے اپنے علاقوں کو واپسی کا عمل مکمل کرلیاجائیگا۔ٹی ڈی پیزکو ترجیحی بنیادوں پر ان کے گھروں کو باعزت طور پر بھجوانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

گورنرنے کہاکہ فاٹا میں متاثرین کی باعزت واپسی و بحالی اور تعمیر نوسمیت دیرپابنیادوں پر امن واستحکام یقینی بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کے تحت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ قبائلی عوام کی سماجی ومعاشی ترقی اور فلاح وبہبود کے لیے خاص طور پر صحت اور تعلیم کے شعبے میں بہترسہولیات کی فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائیگا۔گورنرنے کہاکہ پورے خطے میں امن وامان کاراستہ قبائلی علاقہ جات سے ہوکر گزرتاہے ۔

قبائلی علاقہ جات میں پائیدار امن ، ٹی ڈی پیز کی باعزت واپسی وبحالی میں وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب اپنے تمام ذاتی اور سیاسی اختلافات بھلا کردفاع وطن کے لئے متحد ہوں۔ انہوں نے کہاکہ پوری قوم قربانیاں دینے والی بہادرافواج اور محب وطن قبائل کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کے دفاع اور اس کی تعمیروترقی اس کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت اور ان عظیم مقاصد کے حصول کیلئے ہم سب کو خلوص نیت کے ساتھ اپنے اپنے وسائل سمیت جذبہ اور توانائیاں بروئے کارلانی ہوگی اور اس ضمن میں ہمارے ذرائع ابلاغ کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے اور وہ ، قائدین، حکام اور عوام کی موثر رہنمائی کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات کے تناظر میں اس خطہ میں امن،استحکام اور یہاں کی تعمیر و ترقی کے لئے صحافیوں کا کردار کہیں زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔انہو ں نے کہاکہ حکومت آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہیں اورصحافیوں کو بھی اس آزادی کو ذمے داری کے ساتھ استعمال کرتے ہوئے ریاست کے مفاد میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی سربراہی میں موجودہ حکومت کایہ عزم ہے کہ پاکستان کی بقاء،سالمیت اوراستحکام کی خاطرگھربارچھوڑنے والے ان قبائلی پاکستانیوں کی ہرممکن مددکی جائے گی اس ضمن میں وسائل کی کمی کوآڑے آنے نہیں دیاجائے گا ۔ اس موقع پر گورنرنے صحافیوں کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

متعلقہ عنوان :