عصرحاضرمیں آئی ٹی ایجوکیشن ہرشعبے کی بنیادی ضرورت ہے ،محمدعاطف

حکومت خیبر پختونخواتعلیم کے شعبے میں آئی ٹی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کیلئے کوشاں ہے،وزیرتعلیم خیبرپختونخوا

پیر 14 مارچ 2016 19:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیرابتدائی و ثانوی تعلیم محمدعاطف خان نے کہا ہے کہ عصرحاضرمیں آئی ٹی ایجوکیشن ہرشعبے کی بنیادی ضرورت ہے لیکن تعلیم کے شعبے میں اس کی ضرورت دوسرے شعبوں کی نسبت کئی گنا بڑھ کر ہے اس لئے حکومت خیبر پختونخواتعلیم کے شعبے میں آئی ٹی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے لئے کوشاں ہے۔

ان خیالات کااظہار انہو ں نے پشاورمیں پی ٹی سی ایل کی ٹیم سے ملاقات کے دوران کیااس موقع پرسرکاری سکولوں میں500 آئی ٹی لیب کے قیام سے متعلق امور بھی زیر غورآئے اور اس سلسلے میں پی ٹی سی ایل کی خدمات سے استفادہ کرنے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر دوسروں کے علاوہ سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم افضل لطیف بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم نے کہا کہ آئی ٹی کے زیادہ سے زیادہ استعمال سے جہاں صوبے کے سرکاری سکولوں میں پڑھنے پڑھانے اور سیکھنے سکھانے کا معیار بہتر ہو گا وہاں تعلیمی نظام میں واضح تبدیلی آنے کے ساتھ اساتذہ اور طلباء کی حاضری بھی یقینی ہو گی جو آج سرکاری سکولوں کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ۔

عاطف خان نے کہاکہ صوبے کے ہربچے کے ہاتھ میں قلم دینا پی ٹی آئی کا مشن ہے اور اس مقصد کے لئے سکول نہ جانے والے بچوں کی اصل تعداد معلوم کرنے کے لئے گھر گھر سروے کرنے کا پروگرام ہے۔انہوں نے کہا کہ شعبہ تعلیم کی بہتری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم اقدامات کئے جارہے ہیں اسی طرح ڈیجیٹل لیٹریسی متعارف کرانے کے لئے بھی سنجیدہ کوششیں جاری ہیں اور اس سلسلے میں آئی ٹی کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے تعلیمی سال سے 500آئی ٹی لیب باقاعدہ طور پر شروع کئے جارہے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پارٹی قائد عمران خان اوروزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک تعلیم کے شعبے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اور اس شعبے میں ہونے والے اقدامات سے وقتاًفوقتاًان سے پیش رفت بھی معلوم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے کے لئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں لہٰذا تعلیم کے شعبے میں منصوبوں پر تاخیر میں کو ئی عذر قبول نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :