افغانستان ، بارودی سرنگ کے دھماکے اور فضائی کاروائی میں داعش کے 18 جنگجو ہلاک، 21 زخمی

افغان انٹیلی جنس نے جلال آبادمیں طالبان کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا، 7 جنگجو گرفتار، نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے خاتون پولیس افسر کو قتل کردیا

پیر 14 مارچ 2016 19:48

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 مارچ۔2016ء) افغانستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے اور سیکورٹی فورسز کی فضائی کاروائی میں داعش کے 18 جنگجو ہلاک اور 21 زخمی ہوگئے جبکہ انٹیلی جنس ایجنسی نے جلال آبادمیں طالبان کا بڑا حملہ ناکام بناتے ہوئے 7 جنگجوؤں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ،دوسری جانب قندھار میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرے خاتون پولیس افسر کو قتل کردیا۔

پیر کو فغان میڈیا کے مطابق مشرقی صوبہ ننگرہار میں بارودی سرنگ نصب کرتے ہوئے دھماکہ ہوجانے سے داعش کے 12 جنگجو ہلاک اور 21 زخمی ہوگئے ۔مقامی حکام کاکہنا ہے کہ واقعہ ضلع آچن میں پیش آیا جہاں داعش کے جنگجو ایک بازار کے قریب بارودی سرنگ نصب کررہے تھے کہ اچانک زوردار دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں داعش کے 12 جنگجو ہلاک اور 21 زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

دھماکے کے نتیجے میں شہریوں کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔

اسی صوبے میں افغان سیکورٹی فورسز کی فضائی کاروائی میں داعش کے 6جنگجو ہلاک ہوگئے ۔مشرقی پولیس کمانڈر نے بتایا ہے کہ فضائی حملے میں داعش 6 جنگجو مارے گئے ہیں۔ادھر افغان انٹیلی جنس نے جلال آباد میں طالبان جنگجوؤں کا بڑا حملہ ناکام بناتے ہوئے 7 جنگجوؤں کو گرفتار کرلیا۔این ڈی ایس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان جنگجوؤں کو خصوصی آپریشن کے دوران گرفتارکیا گیا تاہم اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔

دوسری جانب جنوبی صوبہ قندھار میں نامعلوم مسلح افراسد نے فائرنگ کرکے خاتون پولیس افسر کو قتل کردیا۔مقامی سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پولیس افسر صوبائی پاسپورٹ آفس میں کام کرتی تھی۔سرکاری عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شر ط پر بتایا ہے کہ خاتون کی شناخت فوزیہ کے نام سے ہوئی ہے ۔