عراق میں داعش کے حملوں میں 47 فوجی ہلاک،36 زخمی، امریکی سمیت داعش کے 81 جنگجوؤں گرفتار

داعش نے قطیانیا اور زوائییا کے علاقے میں عراقی فوج کی تیسری ریپڈ ڈپلائمنٹ فورس کے بیرکوں پر حملے کیے ،حکام

پیر 14 مارچ 2016 19:48

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 مارچ۔2016ء ) عراق میں داعش کے حملوں میں 47 فوجی ہلاک اور36 زخمی ہوگئے جبکہ سیکورٹی فورسز نے امریکی شہری سمیت داعش کے 81 جنگجوؤں کو گرفتار کرلیا۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق عراق کے شہر رمادی میں شدت پسند تنظیم داعش کے حملے میں 47 فوجی ہلاک ہوگئے ۔عراقی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ داعش نے یہ حملہ گزشتہ رات قطیانیا اور زوائییا کے علاقے میں عراقی فوج کی تیسری ریپڈ ڈپلائمنٹ فورس کے فوجیوں کے بیرکوں پر کیا جس میں 22 عراقی فوجی ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے ۔

پیر کی دوپہر کورمادی سے 30 کلومیٹر دور سیفائیرا اور ابو طیابان کے گاؤں میں 2 داعشی خودکش بمباروں نے کاروں کے ذریعے عراقی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 25 عراقی فوجی ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

دسمبر میں عراقی فوج نے رمادی میں داعش کے خلاف فتح کا اعلان کیا تھا۔ادھرصوبہ الانبار کی کونسل کی سیکورٹی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے مغربی رمادی سے داعش کے 80 جنگجوؤں کو گرفتار کرلیا۔

چیئرمین سیکورٹی کمیٹی رجیہہ برکت العسوی نے ایک بیان میں بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے شہریوں کی اطلاع پر داعش کے 80 جنگجوؤں کو حراست میں لے لیا۔ادھر عراق میں داعش میں شامل امریکی جنگجو کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایرانی خبررساں ادارے کے مطابق ایک مقامی کمانڈر نے کرد میڈیا کو بتایا ہے کہ گرفتار محمد جمال امین ورجینیا کا شہری ہے جسے سنجار کے قریب سے گرفتار کرنے کے بعد کرد حکام کے حوالے کردیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :