وزیراعلیٰ شہبازشریف سے کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے بین الاقوامی شعبہ کے اسسٹنٹ منسٹر لی جن کی ملاقات

پاک چین دوطرفہ تعلقات کے فروغ،سی پیک ،مسلم لیگ (ن) اورکیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال سی پیک کو آگے بڑھانے اور پاک چین دوستی کو وسعت دینے میں شہبازشریف نے اہم کردارادا کیا ہے ، وزیراعلیٰ کی غیر معمولی صلاحیتوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ،وہ مشکل حالات میں غیر معمولی صلاحیتوں کی بنا پر قابو پالیتے ہیں ‘ لی جن

پیر 14 مارچ 2016 20:20

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے بین الاقوامی شعبہ کے اسسٹنٹ منسٹر لی جننے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور ،پاک چین دوطرفہ تعلقات کے فروغ،چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور ،پاکستان مسلم لیگ (ن) اورکیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے درمیان تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی مخلص اوربااعتماد دوست ہے۔ پاکستان حکومت اورعوام کو چین کی لازوال دوستی پر فخر ہے،دونوں ممالک کی دوستی باہمی احترام کے رشتوں میں بندھی ہوئی ہے۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور چین کی حکومت،قیادت اورعوام کا پاکستان کی حکومت اورعوام کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے ۔

(جاری ہے)

46ارب ڈالر کی چینی سرمایہ کاری چینی قیادت کا پاکستانی عوام سے محبت کا کھلا ثبوت ہے ۔ چینی سرمایہ کاری چینی قیادت کی جانب سے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار بھی ہے۔46ارب ڈالر سے پاکستان میں ترقی اورخوشحالی کا سفر شروع ہوچکا ہے ۔ اس عظیم تحفے پر پاکستان کے عوام ،چینی قیادت اورعوام کے مخلصانہ اقدام کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈکا ویژن معاشی ترقی کا آئینہ دار ہے ۔سی پیک کے منصوبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔سی پیک پاکستان کیلئے ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی باصلاحیت قیادت میں چین نے غیر معمولی ترقی کی منازل انتہائی تیزی سے طے کی ہیں ۔چین کے صدرنے محنت اوراپنے ویژن کے ذریعے چین کو اقوام عالم میں انتہائی نمایاں مقام دلایا ہے ۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) اورکیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے مابین بڑھتے ہوئے روابط سے دونوں ملکوں کے عوام قریب سے قریب تر آرہے ہیں ۔پارٹی کی سطح پر وفود کے زیادہ تبادلوں سے تعلقات کو وسعت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اورچین عالمی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں ۔دہشت گرداقوام عالم کے مشترکہ دشمن ہیں۔دہشت گردی کی کارروائیاں کرنیوالے تمام گروپ برے ہیں جن سے مشترکہ کاوشوں کے ذریعے نمٹنا ضروری ہے ۔

انتہاء پسندی اور دہشت گردی پرامن معاشرے کے قیام کی راہ میں حائل ایسی برائیاں ہیں جنہیں ختم کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ چین کے صدر اور وزیراعظم کا پاکستان کے عوام کیلئے ایک اوربڑا تحفہ ہے۔پاکستان میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں آج تک اتنا بڑا منصوبہ شروع نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ میٹروٹرین کے منصوبے پر انتہائی تیزرفتاری سے تعمیراتی کام جاری ہے ۔

پاک چائنہ دوستی میں میٹروریل کامنصوبہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ میٹروٹرین کا منصوبہ عوامی خدمت کے مشن کی تکمیل کی جانب ایک سفر ہے ۔ کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے بین الاقوامی شعبہ کے اسسٹنٹ منسٹر لی جن (Mr.Li Jun)نے اس موقع پرکہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی اور تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔مشترکہ امور پرپاکستان اورچین یکساں سوچ کے حامل ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ اورمسلم لیگ(ن) کے درمیان تعلقات میں اضافہ ہورہا ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پاک چین دوستی کو وسعت دینے میں اہم کردارادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چین میں وزیراعلیٰ شہبازشریف کی غیر معمولی صلاحیتوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔سی پیک کے منصوبوں کو آگے بڑھانے میں بھی شہبازشریف نے نمایاں کردارادا کیا ہے ۔

شہبازشریف مشکل حالات پر بھی اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کی بنا پر قابو پالیتے ہیں ۔نوجوان پارلیمنٹیرینز کے وفود کے باہمی تبادلوں سے پاک چین دوستی کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔چین کے قونصل جنرل یوبورن اورکیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کے اعلی حکام کے علاوہ صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمان ، ذکیہ شاہنواز ،خواجہ احمد حسان اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :