امریکامیں حجاب اتروانے پر فیسٹیول منتظمین کی مسلمان خاتون سے معافی

فیسٹیول کی بقیہ مدت کیلئے حجاب اتروانے والے رضاکار کو برطرف کر دیا،منتظمین کابیان

پیر 14 مارچ 2016 20:26

ٹیکساس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مارچ۔2016ء) امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن میں ساؤتھ بائی ساؤتھ ویسٹ فیسٹیول کے منتظمین نے امریکی خاتون اولمپیئن ابتہاج محمد کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر معافی مانگ لی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق شمشیر زنی کی مسلمان خاتون کھلاڑی ہفتے کے روز موسیقی اور فلم سے متعلق اس ایونٹ میں اپنا شناختی بیج حاصل کرنے کے لیے پہنچی تو وہاں ڈیوٹی پر موجود ایک رضاکار نے مطالبہ کیا کہ تعارفی بیج پر چسپاں کرنے کے لیے تصویر اتروانے سے پہلے خاتون کھلاڑی کو اپنے سر کا اسکارف اتارنا ہو گا۔

ابتہاج محمد نے اپنے ٹوئیٹ میں بتایا کہ میں اس (رضاکار) کو بتا چکی تھی کہ میں مذہبی وجہ کی بنا پر اسکارف پہنتی ہوں اس کے باوجود اس نے اس کے اتارنے پر اصرار کیا۔

(جاری ہے)

فیسٹیول کے منتظمین نے برطانوی خبررساں ایجنسی کو بھیجی گئی ای میل میں بتایا ہے کہ انہوں نے فیسٹیول کی بقیہ مدت کے لیے مذکورہ حرکت کے مرتکب رضاکار کو برطرف کر دیا ہے۔منتظمین کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اس حوالے سے شرمندہ ہیں.. ہم نے ذاتی طور پر ابتہاج سے معافی مانگ لی ہے اور ہم اس واقعے پر صدق دل سے افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔توقع ہے کہ ابتہاج (30 سالہ) برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو میں آئندہ اولمپک کھیلوں میں ایک نئی تاریخ رقم کریں گی وہ اولمپک میں امریکا کی نمائندگی کرنے والی پہلی باحجاب خاتون کھلاڑی ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :