ملتان میں ڈینگی کے خاتمے کیلئے 21 مارچ سے بھر پور صفائی مہم کا آغاز ہوگا

Zeeshan Haider ذیشان حیدر پیر 14 مارچ 2016 21:33

ملتان( اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 14 مارچ۔2015ء) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر وایڈ منسٹریٹرسٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ملتان زاہد سلیم گوندل نے ڈینگی کے خاتمے کیلئے 21 مارچ سے شہر میں بھر پور صفائی مہم کا آغاز کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔ صفائی مہم کے دوران شہر کے جوہڑوں اور تالابوں سمیت گندگی کے ڈھیروں کو صاف کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو خصوصی ٹاسک دے دیا گیا ہے۔

صفائی مہم کے دوران سوشل ویلفیئر سمیت تمام متعلقہ محکموں کو شہریوں میں حفاظتی تدابیر اپنانے بارے بھر پور آگاہی دینے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ ڈی سی او زاہد سلیم گوندل نے کہا کہ نئی حکمت عملی کے تحت ماہر انٹامولوجسٹ کی نگرانی میں تین رکنی ٹیم ہر یونین کونسل میں سرویلنس کرے گی تاکہ کوئی گھر ڈینگی مچھر کے لاروے کی افزائش گاہ نہ بن سکے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی سی او آفس میں منعقدہ انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر منظر جاوید ، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر افتخار قریشی سمیت متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ ڈی سی او زاہد سلیم گوندل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس غیر متوقع بارشوں کے باعث ڈینگی مرض تیزی سے پھیلا۔

تاہم اس سیزن میں ضلعی انتظامیہ اور تمام محکمے ریڈ الرٹ ہیِں، شہریوں سے وعدہ کرتے ہیں کہ انکی جانوں کا تحفظ ہر صورت ممکن بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ قبرستانوں اور پارکوں میں مٹی کے برتنوں میں جمع پانی اور جوہڑوں کو ہنگامی بنیادوں پر صاف کرے جبکہ ٹائر شاپس، نرسیوں اور پنکچر شاپس کی بھی بھر پور سریلنس کی جائے ۔ زاہد سلیم گوندل نے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی سے کام لیتے ہوئے کولڈفوگرمشینیں استعمال کی جائیں تاکہ مچھر کا فوری خاتمہ ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال سمیت تمام ہسپتالوں میں ڈینگی کاؤنٹر اور وارڈز قائم کر دیئے گئے ہیں اس سلسلے مین طبی عملے کی تربیت بھی مکمل ہو چکی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ شہری اپنے گھر اور دفاتر کو ذمہ داری کے ساتھ صاف ستھرا رکھ کر مچھر بھگانے کا موثر انتظام کریں تاکہ اس موذی مرض کے خلاف جاری جنگ جیتی جا سکے۔ ڈی سی او نے واضع کیا کہ محکمہ صحت کے پاس ڈینگی کی ادویات کا وافر سٹاک موجود ہے جبکہ جدید مشینری اور فوگر بھی ضلع ملتان کو فراہم کر دیئے گئے ہیں۔ قبل ازیں اجلاس میں تمام ضلعی محکموں نے ڈینگی مہم کے حوالے سے اپنی کارکردگی کی تفصیلی بریفنگ بھی دی جس پر ڈی سی او نے اطمینان کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :