ملتان میں صفائی مہم کی حکمت عملی تیار، خصوصی ٹیمیں تشکیل

Zeeshan Haider ذیشان حیدر پیر 14 مارچ 2016 21:38

ملتان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 14 مارچ۔2015ء) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر زاہد سلیم گوند ل کی ہدایت پر سالڈویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہر میں صفائی مہم کی حکمت عملی تیار کر کے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں ۔ 21 مارچ سے شروع ہونیوالی صفائی مہم کے دوران گلی محلوں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے سمیت گندگی سے بھرے پلاٹ، ملبہ جات اور جوہڑوں کو صاف کیا جائے گا تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں مینجمنگ ڈائریکٹر احمد شہر یار نے بتایا کہ پانچ سو سے زائد سینٹری ورکرز بھاری مشنیری کے ہمراہ اربن یونین کونسلوں میں آپریشن کرینگے۔ ٹاؤنز انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات کی جانب سے نشاندہی پر گندگی کے حوالے سے حساس مقامات کو ترجیحی بنیادوں پر صاف کیا جائے گا۔ ہر یونین کونسل میں صفائی مہم کا انچارج سینئر سپروائزر ہو گا جو کہ روزانہ کی رپورٹ پیش کرنے کا پابند ہو گا۔ ایم ڈی نے کہا کہ ڈی سی او زاہد سلیم گوندل کی ہدایت پر شہریوں کو ریلیف دینے کیلئے فری ہیلپ لائن کا بھی قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ شہری اپنے اردگرد گندگی یا صفائی کے ناقص انتظام کی شکایات کمپنی ویب سائٹ پر آن لائن بھی درج کرا سکتے ہیں تمام شکایات کو 24 گھنٹے کی دوران دور کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :